جنرل بپن راوت کو ’جنگی مجرم‘ کہنے والی خاتون ضمانت پر رہا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
جنرل بپن راوت کو ’جنگی مجرم‘ کہنے والی خاتون ضمانت پر رہا
جنرل بپن راوت کو ’جنگی مجرم‘ کہنے والی خاتون ضمانت پر رہا

 

 

سری نگر : تمل ناڈو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کو تنقید کا نشانہ بنانے والی سابق اسکول ڈائریکٹر صبا حاجی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

بار اینڈ بنچ کے مطابق حاجی پبلک سکول کی سابق ڈائریکٹر نے آٹھ دسمبر کو جنرل بپن راوت کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں ’جنگی مجرم‘ قرار دیا تھا۔ صبا حاجی کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا کے ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی تھی۔ایک سرکاری ملازم کے مطابق ’انہیں ضمانت اس شرط پر دی گئی کہ وہ 14 سے 17 دسمبر تک یعنی تین دن صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ڈوڈا کے خواتین پولیس ا سٹیشن میں موجود رہیں گی اور 17 دسمبر کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ ڈوڈا کے سامنے پیش ہوں گی۔

بہت سے افراد نے مطالبہ کیا تھا کہ ڈوڈا کے حاجی پبلک ا سکول جہاں وہ ڈائریکٹر اور بطور استاد پڑھاتی تھیں، اسے بند کیا جائے۔

تاہم ا سکول انتظامیہ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’بپن راوت کے بارے میں صبا حاجی کا تبصرہ ادارے کا نقطہ نظر نہیں۔‘ اسکول انتظامیہ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج کے ذریعےوضاحت کی تھی کہ ’حاجی پبلک ا سکول کی انتظامیہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ ایک حالیہ ناگوار میڈیا پوسٹ کا اسکول سے کوئی تعلق نہیں ہے اور مذکورہ شخص نے ا سکول کے ساتھ اپنی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد اپنی انفرادی حیثیت سے (پوسٹ) کیا ہے۔محترم صبا حاجی کسی بھی حیثیت سے اسکول سے وابستہ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ جنرل بپن راوت سے متعلق سوشل میڈیا پر ’ناگوار‘ پوسٹ کرنے پر آٹھ شہریوں کو گرفتار کیاگیا تھا۔