نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) جسٹس سوریہ کانت اور عدلیہ کے خلاف تبصروں سے متعلق فوجداری توہینِ عدالت کے معاملے میں عدالت کے سامنے پیش ہونے والے شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت سے منگل کے روز کہا کہ ایک سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ’’زبان میں احتیاط اور اعتدال‘‘ کا کیا مطلب ہوتا ہے۔ جسٹس اروند کمار اور جسٹس وپل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کی جانب سے دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی۔
جسٹس کمار نے کہا، ’’آپ نے معافی مانگی ہے، لیکن اس سطح کے معاملے میں معافی ذہن سے نہیں بلکہ دل سے آنی چاہیے۔‘‘ انہوں نے سنجے راوت سے مخاطب ہوکر کہا، ’’راوت جی، آپ ایک تجربہ کار رہنما ہیں۔ ہم وکالت کے زمانے سے ہی آپ کی تقریریں سنتے آ رہے ہیں۔ آپ ایک سینئر رکن پارلیمنٹ ہیں اور خود بھی صحافت سے وابستہ رہے ہیں۔ آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ زبان میں احتیاط کا کیا مطلب ہوتا ہے۔‘‘
سماعت کے دوران سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور سینئر وکیل پردیپ رائے نے عدالت کو بتایا کہ اگرچہ سنجے راوت نے اپنے تبصروں پر معافی مانگ لی ہے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے سپریم کورٹ کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کی ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ راوت نے مظاہرین کی جانب سے البانیہ کی سپریم کورٹ میں آگ لگائے جانے کی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 16 اکتوبر کو چیف جسٹس اور عدلیہ کے بارے میں کیے گئے تبصروں پر سنجے راوت اور صحافی نکھل واگلے کو فوجداری توہینِ عدالت کی کارروائی کے تحت وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے تھے۔
منگل کو سماعت کے دوران نکھل واگلے کی جانب سے پیش ہونے والی سینئر وکیل اندرا جے سنگھ نے مؤقف اختیار کیا کہ صحافی نے متنازع سوشل میڈیا پوسٹ حذف کر دی ہے اور اس معاملے میں غیر مشروط معافی بھی مانگ لی ہے۔ سینئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نکھل واگلے عدالتی ہدایت کے مطابق آن لائن سماعت میں شریک ہیں۔ انہوں نے بنچ سے درخواست کی کہ صحافی کو توہینِ عدالت کی کارروائی سے بری کیا جائے۔ اس موقع پر جسٹس کمار نے کہا، ’’ذاتی طور پر عرض کروں تو وکیل بننے کے بعد میں نے اپنے والد کا پاسپورٹ دیکھا تھا، جس میں ان کا پیشہ صحافت درج تھا۔ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ عدالت کئی مرتبہ آپ کے دفاع میں آگے آئی ہے۔‘‘
سپریم کورٹ نے سنجے راوت اور نکھل واگلے کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے حوالے سے وضاحت پیش کرتے ہوئے اضافی حلف نامے داخل کرنے کی ہدایت دی اور معاملے کی آئندہ سماعت 8 دسمبر کے لیے مقرر کر دی۔ اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمنی نے توہینِ عدالت ایکٹ 1971 کی دفعہ 15(1)(b) کے تحت فوجداری توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کے لیے رضامندی فراہم کی تھی۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب چیف جسٹس نے اپوزیشن جماعتوں کے ایک وفد کی جانب سے ان سے ذاتی ملاقات کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
تاہم انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ متعلقہ معاملہ درخواست کے ذریعے عدالت کے سامنے اٹھایا جا سکتا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست کے مطابق، اس کے بعد نکھل واگلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے اکاؤنٹ سے چیف جسٹس کو نشانہ بناتے ہوئے مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرے کیے تھے، تاہم بعد میں انہوں نے اپنے بیانات واپس لے لیے تھے۔ سنجے راوت نے بھی اس معاملے میں مبینہ طور پر بعض قابلِ اعتراض تبصرے کیے تھے۔