نئی دہلی: چنئی کے عقیدت مند وردھمان جین اور ان کی اہلیہ رادھیکا جین نے جمعرات کو یہاں وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کی موجودگی میں تروملا تروپتی دیوستھانم (ٹی ٹی ڈی) کو 121 کلوگرام سونے کے زیورات عطیہ کیے۔ ان زیورات کی قیمت تقریباً 160 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
اس عطیے میں 9 سیٹوں میں رکھے گئے 45 زیورات شامل ہیں، جن میں شری وارو کا تاج اور پدم پادالو یعنی پاؤں کے زیورات سمیت کئی دیگر زیورات شامل ہیں۔ ایک سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا، ’’چنئی کے جین جوڑے نے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کی موجودگی میں شری وارو کو 121 کلوگرام سونے کے زیورات عطیہ کیے۔‘‘ ٹی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق، تروملا میں بھگوان وینکٹیشور کو کسی ایک عقیدت مند کی جانب سے دیا جانے والا یہ اب تک کا سب سے بڑا عطیہ ہوگا۔