دہلی کی عدالت نے تیزاب حملہ کیس میں چار ملزمان کو بری کردیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-09-2026
دہلی کی عدالت نے تیزاب حملہ کیس میں چار ملزمان کو بری کردیا
دہلی کی عدالت نے تیزاب حملہ کیس میں چار ملزمان کو بری کردیا

 



نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے سنگم وہار میں ایک خاتون پر تیزاب پھینکے جانے کے 2019 کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے میں 15 ماہ کی بلاجواز تاخیر سمیت تحقیقات میں کئی سنگین خامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے چار ملزمان کو بری کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج ہرگروِندر سنگھ جگّی تیزاب حملے کے ملزمان پریت پال، رمیش، سریش چند اور ببلو کمار کے خلاف مقدمے کی سماعت کر رہے تھے۔

سیشن عدالت نے کہا، ’’یہ عدالت مانتی ہے کہ استغاثہ کسی بھی ملزم کے خلاف عائد الزامات کو معقول شک سے بالاتر ثابت کرنے میں پوری طرح ناکام رہا ہے۔ تفتیش میں سنگین خامیوں، ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کی کوئی تسلی بخش وضاحت نہ دیے جانے اور دفاع کی جانب سے پیش کیے گئے ناقابل تردید شواہد کے پیش نظر ملزمان کو شک کا فائدہ دیا جانا چاہیے۔‘‘ رینو نامی خاتون نے الزام لگایا تھا کہ 9 جولائی 2019 کو سنگم وہار میں ایک مندر کے قریب ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر آئے اور اس پر کیمیکل پھینک دیا۔ کیمیکل اس کی کمر اور پیٹھ پر گرنے سے جلنے کے نشانات پڑ گئے تھے۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے رینو پر حملہ کیا اور بعد میں اسے پریت پال کے خلاف پہلے کی گئی شکایت واپس لینے کی دھمکی بھی دی۔ تاہم، عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر مبینہ واقعے کے تقریباً 18 ماہ بعد، 7 جنوری 2021 کو درج کی گئی تھی۔ تفتیشی افسر نے بھی اعتراف کیا کہ اسے اس تاخیر کی وجہ معلوم نہیں تھی۔ عدالت نے کہا کہ استغاثہ کا پورا معاملہ بنیادی طور پر رینو کی گواہی پر منحصر تھا۔ جرح کے دوران خاتون نے بتایا تھا کہ پیٹھ پر جلن محسوس ہونے کے بعد اس نے پیچھے مڑ کر دیکھا تھا۔

عدالت نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ اس نے دراصل یہ نہیں دیکھا تھا کہ اس پر مائع کس نے پھینکا تھا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ بوتل پکڑے ہوئے شخص کے طور پر پریت پال کی شناخت واقعے کے بعد قائم کی گئی ایک قیاس آرائی تھی۔ عدالت نے کہا، ’’رمیش، سریش یا ببلو کے خلاف کوئی واضح کارروائی ثابت نہیں ہوئی۔ اسی طرح آئی پی سی کی دفعہ 195 اے اور 506 کے تحت عائد الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوتی اور یہ ’معقول شک سے بالاتر ثابت ہونے‘ کے معیار پر پورے نہیں اترتے۔‘‘ عدالت نے کہا کہ استغاثہ مبینہ جرائم کے لیے ضروری عناصر ثابت کرنے میں ناکام رہا، اس لیے چاروں ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔ عدالت نے کہا، ’’شک چاہے کتنا ہی مضبوط کیوں نہ ہو، وہ ثبوت کی جگہ نہیں لے سکتا۔‘‘