وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد اکثر سفید چاول کو اپنی خوراک سے مکمل طور پر نکال دیتے ہیں۔ عام طور پر سفید چاول کو زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی غذا سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف سفید چاول کھانے سے لازمی طور پر وزن نہیں بڑھتا۔ وزن پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل میں کھانے کی مقدار۔ مجموعی کیلوریز اور چاول کے ساتھ استعمال کی جانے والی دیگر غذائیں شامل ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے ’شاردا کیئر ہیلتھ سٹی‘ کے ڈائریکٹر برائے انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر چراغ ٹنڈن نے کہا کہ صرف چاول خود بخود وزن بڑھنے کی وجہ نہیں بنتے۔ ان کے مطابق وزن کم یا بڑھنے کا تعلق اس بات سے ہے کہ کوئی شخص کتنی مقدار میں کھانا کھاتا ہے۔ روزانہ کتنی کیلوریز حاصل کرتا ہے اور چاول کے ساتھ کون سی غذائیں استعمال کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق وزن کم کرنے کا بنیادی اصول یہ ہے کہ جسم جتنی توانائی خرچ کرتا ہے اس کے مقابلے میں کم کیلوریز حاصل کی جائیں۔ اس لیے سفید چاول بھی مناسب مقدار میں متوازن غذا کا حصہ بن سکتے ہیں۔تاہم سفید چاول ریفائنڈ اناج ہیں۔ ان کی پروسیسنگ کے دوران فائبر اور بعض غذائی اجزا کم ہو جاتے ہیں۔ فائبر کی مقدار کم ہونے کی وجہ سے سفید چاول نسبتاً جلد ہضم ہو سکتے ہیں اور بعض افراد کو انہیں کھانے کے بعد زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس نہیں ہوتا۔ اس کے نتیجے میں انہیں جلد دوبارہ بھوک لگ سکتی ہے۔
ڈاکٹر چراغ ٹنڈن کے مطابق اصل مسئلہ صرف چاول نہیں بلکہ ان کی مقدار اور ان کے ساتھ کھائی جانے والی غذا ہے۔ اگر بڑی مقدار میں چاول کے ساتھ تلی ہوئی اشیا۔ زیادہ تیل والی گریوی یا میٹھے مشروبات لیے جائیں تو کھانے میں کیلوریز نمایاں طور پر بڑھ سکتی ہیں۔ماہرین کا مشورہ ہے کہ وزن کم کرنے والے افراد اپنی پلیٹ کا بڑا حصہ صرف چاول سے نہ بھریں بلکہ چاول کی مقدار معتدل رکھیں اور اس کے ساتھ سبزیاں اور پروٹین شامل کریں۔ دال۔ انڈے۔ مچھلی۔ چکن اور پنیر پروٹین کے اچھے ذرائع ہو سکتے ہیں جبکہ سبزیاں فائبر۔ وٹامنز اور دیگر ضروری غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں۔
ایک متوازن کھانے میں مناسب مقدار میں چاول کے ساتھ دال۔ پکی ہوئی سبزیاں اور سلاد شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح کھانے میں مختلف غذائی اجزا شامل ہوتے ہیں اور پیٹ بھی زیادہ دیر تک بھرا رہ سکتا ہے۔ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ چاول پکانے اور پیش کرنے کا طریقہ اہم ہے۔ اگر سادہ چاول میں زیادہ مقدار میں تیل۔ مکھن یا دیگر زیادہ کیلوریز والے اجزا شامل کیے جائیں تو اس کی مجموعی کیلوریز کافی بڑھ سکتی ہیں۔
ڈاکٹر چراغ ٹنڈن کے مطابق وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کو کسی ایک غذا سے خوفزدہ ہونے کے بجائے متوازن اور پائیدار غذائی عادات اپنانی چاہئیں۔ اگر کسی شخص کو سفید چاول پسند ہیں تو انہیں مکمل طور پر ترک کرنا ضروری نہیں۔ مناسب مقدار میں چاول کھانے کے ساتھ متوازن غذا اور مجموعی کیلوریز پر توجہ دینا وزن کم کرنے کے لیے زیادہ اہم ہے۔