واشنگٹن: پھیپھڑوں کے کینسر کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی نئی تجرباتی دوا گوٹسٹوبارٹ نے ابتدائی تیسرے مرحلے کے طبی تجربے میں حوصلہ افزا نتائج پیش کیے ہیں۔ تحقیق کے مطابق اس دوا کے استعمال سے مریضوں کی مجموعی زندگی کا دورانیہ معیاری کیموتھراپی کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہا ہے۔
دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک کے مطابق گوٹسٹوبارٹ نے ایسے مریضوں میں امید کی نئی کرن پیدا کی ہے جن میں پہلے دی جانے والی امیونوتھراپی اور کیموتھراپی کے باوجود پھیپھڑوں کا سرطان بڑھتا رہا تھا۔ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس دوا سے مریضوں کی زندگی کے دورانیے میں کیموتھراپی کے مقابلے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔
یہ نتائج پریزرو 003 نامی تیسرے مرحلے کے طبی تجربے سے سامنے آئے ہیں۔ اس تجربے میں پھیپھڑوں کے سرطان کی ایک مشکل قسم اسکواومس نان اسمال سیل لنگ کینسر میں مبتلا ایسے مریضوں کو شامل کیا گیا تھا جن کی بیماری پہلے سے دیے گئے علاج کے باوجود آگے بڑھ چکی تھی۔
تجربے میں 87 مریض شامل تھے جنہیں بیماری کے دوسرے یا اس کے بعد کے مرحلے میں یا تو گوٹسٹوبارٹ دی گئی یا پھر معیاری کیموتھراپی کی دوا ڈوسیٹیکسیل استعمال کرائی گئی۔ نتائج کے مطابق گوٹسٹوبارٹ لینے والے مریضوں میں مجموعی زندگی کے دورانیے کی درمیانی مدت 18.5 ماہ رہی جبکہ ڈوسیٹیکسیل لینے والے مریضوں میں یہ مدت 10 ماہ تھی۔ اس طرح دونوں گروپوں کے درمیان تقریباً ساڑھے 8 ماہ کا فرق سامنے آیا۔
17 جولائی 2026 کو اعداد و شمار کا جائزہ لیے جانے تک گوٹسٹوبارٹ استعمال کرنے والے مریضوں میں مجموعی زندگی کی درمیانی مدت 25.4 ماہ ریکارڈ کی گئی تھی۔ کمپنی کے مطابق علاج سے متعلق اعداد و شمار میں طبی اور شماریاتی اعتبار سے بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
فلوریڈا کے اوکالا آنکولوجی سینٹر کے طبی ماہر سرطان اور اس طبی تجربے کے سربراہ ڈاکٹر راما بالارامَن نے نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امیونوتھراپی کے بعد بیماری کے بڑھنے والے اسکواومس نان اسمال سیل لنگ کینسر کے مریضوں کے لیے اس وقت علاج کے محدود راستے موجود ہیں۔ اگر تیسرے مرحلے کے اہم تجربے میں بھی یہی نتائج برقرار رہتے ہیں تو یہ اس بیماری کے موجودہ علاج کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں۔
بائیو این ٹیک کی شریک بانی اور چیف میڈیکل افسر پروفیسر اوزلم توریجی نے کہا کہ بیماری کے دوسرے یا اس کے بعد کے مراحل میں ایسے نئے علاج کی ضرورت ہے جو جسم کے کمزور پڑ جانے والے مدافعتی ردعمل کو دوبارہ متحرک کرسکیں۔ ان کے مطابق اس طریقے سے جسم کے قدرتی دفاعی نظام کو سرطان کے خلاف زیادہ مؤثر انداز میں کام کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
طبی تجربے کے دوران دوا کی حفاظت اور ممکنہ مضر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ گوٹسٹوبارٹ استعمال کرنے والے 45 میں سے 20 مریضوں میں یعنی 44.4 فیصد مریضوں میں تیسرے درجے یا اس سے زیادہ کے علاج سے متعلق مضر اثرات سامنے آئے۔
پریزرو 003 کے تیسرے مرحلے کا اہم تجربہ اس وقت دنیا بھر کے 160 سے زیادہ طبی مراکز میں جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق اس سے قبل کیے گئے تجربات میں بھی گوٹسٹوبارٹ نے ایسے مریضوں میں ڈوسیٹیکسیل کے مقابلے میں مجموعی زندگی کے دورانیے اور سرطان کے خلاف دیرپا اثرات کے حوالے سے حوصلہ افزا نتائج ظاہر کیے تھے جن میں پہلے سے جاری علاج کے باوجود بیماری بڑھ گئی تھی۔
تاہم ماہرین کے مطابق گوٹسٹوبارٹ ابھی ایک تحقیقاتی دوا ہے اور اسے حتمی طور پر منظور شدہ علاج قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس کے حقیقی طبی فوائد اور مستقبل میں ممکنہ استعمال کا فیصلہ تیسرے مرحلے کے مکمل نتائج اور اس کے بعد ہونے والے طبی اور ضابطہ جاتی جائزوں کی تکمیل کے بعد ہی کیا جاسکے گا۔