نئی دہلی/ آواز دی وائس
واٹس ایپ نے کروڑوں صارفین کے لیے ایک خاص اے آئی فیچر متعارف کرایا ہے، جو بغیر پڑھے گئے یعنی ان ریڈ میسجز کو چھوٹنے سے بچائے گا۔ میٹا کا یہ انسٹنٹ میسجنگ ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ایپس میں شامل ہے۔ صرف ہندوستان میں ہی اس کے 60 کروڑ سے زائد روزانہ فعال صارفین ہیں۔ یہ نیا فیچر خاص طور پر اُن صارفین کے لیے فائدہ مند ہوگا جو اکثر اہم پیغامات نظر انداز کر دیتے ہیں۔
اے آئی سمارائز فیچر کیا ہے؟
واٹس ایپ میں شامل کیا گیا یہ نیا فیچر "اے آئی سمارائز" کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ فیچر میٹا اے آئی پر مبنی ہے اور صارفین کو تمام ایسے پیغامات کا خلاصہ دے گا جو انہوں نے اب تک نہ کھولے ہوں یا جنہیں وہ کھولنا نہیں چاہتے۔ میٹا نے اپنے بلاگ میں بتایا ہے کہ اس فیچر کے لیے ایک نئی ٹیکنالوجی پرائویٹ پروسیسنگ کا استعمال کیا گیا ہے، جو صارفین کے پیغامات کو پرائیویٹ اور محفوظ رکھے گی تاکہ کوئی دوسرا ان تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔
ہر قسم کے پیغامات پر کام کرے گا
واٹس ایپ کے بلاگ پوسٹ کے مطابق، یہ اے آئی فیچر گروپ اور ذاتی دونوں قسم کے پیغامات پر کام کرے گا۔ جو بھی ان ریڈ میسجز ہوں گے، انہیں یہ فیچر خلاصے کی شکل میں دکھائے گا تاکہ کوئی ضروری اپڈیٹ نظر انداز نہ ہو۔ بلاگ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ میٹا اے آئی صارفین کے پرائیویٹ پیغامات کو مکمل رازداری سے محفوظ رکھے گا، اور یہ سمری صرف اسی صارف کو نظر آئے گی۔
پوری طرح محفوظ ٹیکنالوجی
بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ نیا فیچر پرائویٹ پروسیسنگ کے ذریعے صارف کے نجی پیغامات کو تحفظ دے گا۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اے آئی ان پیغامات کے لیے بغیر کھولے جواب دینے کی تجاویز بھی دے سکتا ہے۔ فی الحال یہ فیچر صرف امریکی صارفین کے لیے رول آؤٹ کیا گیا ہے اور یہ صرف انگریزی زبان میں آئے پیغامات کا خلاصہ کر سکے گا۔ ابھی دیگر زبانوں کی سہولت شامل نہیں کی گئی ہے۔
یہ فیچر کیسے کام کرے گا؟
کمپنی کے مطابق، یہ پرائیویٹ پروسیسنگ دراصل ایک کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر ہے جو کے طرز پر بنایا گیا ہے۔ واٹس ایپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سسٹم مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو واٹس ایپ کے چیٹ سیکشن میں جانا ہوگا، جہاں ان ریڈ میسجز کو بلٹ پوائنٹس یا لسٹ ویو کی شکل میں دکھایا جائے گا۔ اس سے صارف کو ہر پیغام کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور کوئی بھی اہم پیغام چھوٹنے کا امکان نہیں رہے گا۔