ممبئی: ایپل نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اس کی اگلی لانچ تقریب 9 ستمبر کو منعقد ہوگی۔ اس تقریب کے لیے ’’سرپرائز اینڈ شائن‘‘ کا نعرہ دیا گیا ہے۔یہ تقریب بحرالکاہل کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے یعنی ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 10:30 بجے شروع ہوگی۔ مشابل کے مطابق ناظرین اس تقریب کی براہ راست نشریات یوٹیوب اور ایپل کی ویب سائٹ کے علاوہ ایپل ٹی وی پر بھی دیکھ سکیں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ ایپل اس تقریب میں آئی فون 18 سیریز متعارف کرائے گا۔ اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے فولڈ ہونے والا ایک نیا اسمارٹ فون بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے جسے افواہوں کے مطابق آئی فون الٹرا کا نام دیا جاسکتا ہے۔ماضی کی لانچ تقریبات کی طرح ایپل نے اس بار بھی تشہیری خاکہ جاری کیا ہے جس میں ’’سرپرائز اینڈ شائن‘‘ کا نعرہ کمپنی کے نشان کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ ایپل کے نشان کو چمکتے ہوئے نیون انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس ڈیزائن میں سفید نیون کا وہ انداز نمایاں ہے جو ایپل نے رواں سال ورلڈ وائیڈ ڈویلپرز کانفرنس 2026 میں متعارف کرائے گئے سری مصنوعی ذہانت کے آزمائشی ورژن میں پیش کیا تھا۔
ٹیکنالوجی کی اس بڑی کمپنی کی جانب سے ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا بھی متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ نئے گھریلو اسمارٹ آلات بھی پیش کیے جاسکتے ہیں۔ایپل نے اپنی یوٹیوب چینل پر اس تقریب کی براہ راست نشریات کا لنک بھی جاری کردیا ہے۔ ویڈیو کی تفصیل میں لکھا ہے کہ ’’9 ستمبر کو بحرالکاہل کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے ہونے والی ہماری خصوصی تقریب میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔‘‘یہ تقریب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کیوپرٹینو میں واقع ایپل پارک کیمپس میں منعقد ہوگی۔