زوبین گرگ کی پہلی برسی پر آسام بی جے پی نے خون عطیہ کیمپ لگائے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2026
زوبین گرگ کی پہلی برسی پر آسام بی جے پی نے خون عطیہ کیمپ لگائے
زوبین گرگ کی پہلی برسی پر آسام بی جے پی نے خون عطیہ کیمپ لگائے

 



گوہاٹی: آسام بی جے پی نے معروف آسامی گلوکار زوبین گرگ کی پہلی برسی کے موقع پر ریاست بھر میں خون عطیہ کیمپوں کا انعقاد کیا۔پارٹی نے مرحوم گلوکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے تنظیمی اضلاع میں خون عطیہ مہم چلانے کا اعلان کیا تھا۔آسام کے وزیر صحت اشوک سنگھل نے کہا کہ خون عطیہ مہم زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے اسے گلوکار کے لیے موزوں خراج عقیدت قرار دیا۔

آسام کے وزیر رامیشور تیلی نے بھی کہا کہ خون عطیہ پروگرام زوبین گرگ کی یاد کو خراج پیش کرنے کا ایک طریقہ ہے۔دریں اثنا ہفتہ کو آسام بھر سے فنکار اور مختلف تنظیموں کے ارکان موسیقی کے اس عظیم فنکار کو ان کی پہلی برسی پر یاد کرنے کے لیے جمع ہوئے۔گوہاٹی کے مضافات میں سوناپور واقع زوبین کھیتر میں سینکڑوں مداحوں کے ساتھ آل آسام اسٹوڈنٹس یونین یعنی AASU کے ارکان۔ اہل خانہ اور فنکار بھی جمع ہوئے۔ لوگوں نے زوبین گرگ کے مقبول گیت گائے اور گلوکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

زوبین کھیتر میں AASU کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر سمو جّل بھٹاچاریہ نے زوبین گرگ کی موت اور انصاف کے مطالبے پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ اس غیر متوقع واقعے کو ایک سال گزر چکا ہے۔ زوبین گرگ کو انصاف ملنا چاہیے۔

آسام حکومت کے محکمہ ثقافتی امور نے بھی گلوکار کی یاد میں 3 روزہ پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام 17 ستمبر کو شروع ہوا اور ہفتہ 19 ستمبر کو اختتام پذیر ہوا۔زوبین گرگ کی 19 ستمبر 2025 کو سنگاپور میں موت ہوگئی تھی۔ انہیں نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول میں پرفارم کرنا تھا اور ان کی موت اس پروگرام سے ایک دن قبل ہوئی۔زوبین گرگ گلوکار۔ موسیقار۔ کمپوزر۔ اداکار اور فلم ساز کی حیثیت سے معروف تھے۔ انہوں نے کئی زبانوں میں گیت ریکارڈ کیے تھے۔

2006 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم گینگسٹر کے گیت ’’یا علی‘‘ سے زوبین گرگ آسام سے باہر بھی بڑے پیمانے پر مشہور ہوئے۔ اپنے پورے کیریئر کے دوران وہ آسامی موسیقی اور ثقافت سے گہری وابستگی برقرار رکھے رہے۔