ممبئی: بالی ووڈ اداکار رتیش دیشمکھ نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ جنیلیا دیشمکھ کی سالگرہ کے موقع پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنے خاندان کا مضبوط سہارا قرار دیا اور محبت بھرے انداز میں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔رتیش نے انسٹاگرام پر جنیلیا کے ساتھ اپنی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ گزارے گئے خوبصورت لمحات کو یاد کیا۔
انہوں نے لکھا:"میری پیاری بیوی، میں ہماری مشترکہ یادوں کو دیکھ رہا تھا تو مجھے احساس ہوا کہ عمر تو صرف میری بڑھ رہی ہے، جبکہ تمہیں دیکھ کر لگتا ہے جیسے وقت تمہارے لیے رک گیا ہو۔ لیکن شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ تمہیں ایک بہت اچھا شوہر ملا ہے۔"رتیش نے مزید لکھا کہ جنیلیا ان کے خاندان کو جوڑ کر رکھنے والی شخصیت ہیں۔
انہوں نے کہا:"سالگرہ مبارک ہو اس شخصیت کو جو ہمارے خاندان کو مضبوطی سے جوڑے رکھتی ہے۔ ایک بہترین ماں، شاندار بیٹی، بے حد محبت کرنے والی بہن اور میری 'پاگل بیوی'۔ میں تم سے بہت محبت کرتا ہوں۔"رتیش دیشمکھ اور جنیلیا دیشمکھ کی محبت کی کہانی فلم "تجھے میری قسم" کے سیٹ سے شروع ہوئی تھی۔ اس رومانوی فلم میں دونوں نے بچپن کے دوستوں کا کردار ادا کیا تھا، جن کی دوستی وقت کے ساتھ محبت میں بدل جاتی ہے۔دونوں نے 3 فروری 2012 کو روایتی مراٹھی اور عیسائی رسومات کے مطابق شادی کی تھی۔
اس جوڑے کے دو بیٹے ہیں۔ بڑے بیٹے ریان کی پیدائش نومبر 2014 میں ہوئی جبکہ دوسرے بیٹے راہل کی پیدائش جون 2016 میں ہوئی۔رتیش اور جنیلیا سوشل میڈیا پر اکثر اپنے خاندانی لمحات اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔