ممبئی۔اداکار انیل کپور اپنی مشہور فلم ’نائک۔ دی ریئل ہیرو‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے پر خاص انداز میں جشن منا رہے ہیں۔انیل کپور نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں فلم میں مرکزی کردار شیواجی راؤ کا کردار ادا کرنے کے لیے کس چیز نے متاثر کیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ شیواجی راؤ کی جانب سے ایک عام آدمی سے وزیر اعلیٰ بننے کا سفر ہی انہیں اس کردار کی طرف متوجہ کرنے والی واحد وجہ نہیں تھا۔ بلکہ اصل بات یہ تھی کہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد اس نے اس طاقت کا استعمال عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کیا۔انیل کپور نے کہا کہ فلم کی ریلیز کے 25 سال بعد بھی یہ مسلسل ناظرین تک پہنچ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مقصد پر مبنی کردار کو نبھانا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ’نائک‘ 25 سال بعد بھی لوگوں کے درمیان اپنی جگہ بنائے ہوئے ہے۔ اپنے ملک سے محبت اور اس کے عوام کے لیے کچھ بہتر کرنے کی خواہش کبھی غیر متعلق نہیں ہوگی۔ انہیں ہمیشہ فخر رہے گا کہ وہ ایسی کہانی کا حصہ رہے۔
انیل کپور نے اپنی پوسٹ کے ساتھ فلم کے مقبول مناظر پر مشتمل ویڈیو بھی شیئر کی۔
مداحوں نے بھی کمنٹس میں اپنے جذبات کا اظہار کیا اور فلم سے جڑی اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے پرانی یادوں میں کھو گئے۔ایس شنکر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’نائک‘ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اگرچہ فلم کو باکس آفس پر ابتدائی طور پر معمولی کامیابی ملی تھی لیکن بعد میں یہ ہندوستانی ناظرین کے درمیان ایک کلٹ کلاسک بن گئی۔فلم کی کہانی ایک ٹیلی ویژن پریزنٹر کے گرد گھومتی ہے جو ایک دن کے لیے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتا ہے۔ اس کے بعد سیاسی سازشوں اور سنسنی خیز واقعات کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔فلم میں انیل کپور کے علاوہ امریش پوری۔ پریش راول۔ رانی مکھرجی۔ جانی لیور۔ سوربھ شکلا اور شیواجی ساتم نے اہم کردار ادا کیے تھے۔