ممبئی: ٹیلی ویژن اور بالی وڈ کی معروف سینیئر اداکارہ انیتا کنول نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کئی دہائیوں تک کام کرنے کے باوجود آج انہیں کام کی کمی اور سنگین مالی مشکلات کا سامنا ہے۔72 سالہ اداکارہ نے ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کی جمع پونجی آئندہ ایک سال میں ختم ہو سکتی ہے۔ وہ معاشی طور پر اپنے بچوں پر انحصار نہیں کرنا چاہتیں اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے دوبارہ کام کرنا چاہتی ہیں۔
انیتا کنول نے اپنی مالی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آمدنی کی ضرورت ہے کیونکہ ممکن ہے کہ وہ مزید 10 سے 20 سال تک زندہ رہیں۔ ایسے میں ان کے لیے یہ سوچنا ضروری ہے کہ وہ مستقبل میں اپنے اخراجات کیسے پورے کریں گی۔اداکارہ کے مطابق وہ ایک خوبصورت گھر میں رہتی ہیں۔ اس گھر کا کچھ حصہ ان کے والدین نے تعمیر کرایا تھا جبکہ باقی حصے کے لیے انہوں نے قرض لیا تھا جو وہ ادا کر چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گھر ان کا واحد اثاثہ ہے اور ان کے پاس موجود محدود بچت بھی ایک سال کے اندر ختم ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس وقت کام کی سخت ضرورت ہے کیونکہ ان کی جمع پونجی تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔انیتا کنول نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ اپنے مالی حالات کے بارے میں پریشانی کا اظہار کرتی ہیں تو ان کے بچے ناراض ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہوتا ہے کہ جب وہ موجود ہیں تو اداکارہ کو اپنے مستقبل اور اخراجات کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
تاہم اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ زندگی میں ایسی صورت حال سے بچنا چاہتی ہیں جہاں انہیں اپنے بچوں سے مالی مدد مانگنی پڑے۔ ان کے نزدیک انسان کو ہمیشہ دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے بجائے اس قابل رہنے کی کوشش کرنی چاہیے کہ وہ خود دوسروں کی مدد کر سکے۔انیتا کنول نے واضح کیا کہ وہ اپنے بچوں پر بوجھ نہیں بننا چاہتیں بلکہ ان کی خواہش ہے کہ وہ زندگی کے اس مرحلے پر بھی مالی طور پر خود مختار رہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے بچوں کی مدد کر سکیں