کرینہ اور سونم کپور کا رشتہ کیا ہے ؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-03-2021
کپور  فیملی کی پہلی شاخ  جس کے سربراہ پرتھوی راج کپور تھے
کپور فیملی کی پہلی شاخ جس کے سربراہ پرتھوی راج کپور تھے

 

 

ممبئی

بالی وڈ کے بانیوں میں شمار کے جانے والے کپور خاندان کے اتنے افراد اس انڈسٹری میں آ چکے ہیں کہ لوگوں کو ان کی گنتی بھی یاد نہیں ۔ ان میں سے بیشتر کامیابی کی منازل طے کرکے اپنی وراثت آئندہ نسلوں کو منتقل کر چکے ہیں۔ لیکن کیا آپ کو پتہ ہے کہ انڈسٹری کے کپور اداکاروں کا شجرہ نسب بنیادی طور پر دو شاخوں سے جا ملتا ہے ۔

کرینہ کپور کا تعلق ہندی سینما کے پہلے خاندان کپور فیملی سے ہے جس کے سربراہ پرتھوی راج کپور تھے اور اس خاندان کی فلم انڈسٹری کی 93 سالہ تاریخ میں 4 نسلیں بالی وڈ میں نام کما چکی ہیں جن میں بالی وڈ فلم انڈسٹری کے نامور اداکار راج کپور ، ششی کپور اور شمی کپور جیسی شخصیات شامل ہیں، آگے چل کر اسی خاندان کی پہلی خاتون کرشمہ کپور نے بالی وڈ انڈسٹری کو کامیاب فلمیں دیں تاہم اب کرینہ کپور اور رنبیر کپور بھی فلم انڈسٹری کا ایک اہم حصہ ہیں۔

دوسری جانب بالی وڈ انڈسٹری کا دوسرا مقبول فلمی خاندان انیل کپور ، بونی کپور اور سنجے کپور کا ہے جن کے والد سریندر کپور تھے۔ سریندر کپور اور پرتھوی راج کپور آپس میں کزن تھے جس کے باعث بالی وڈ کی معروف ادکارائیں سونم کپور اور کرینہ کپور بھی آپس میں رشتہ دار ہیں اور دونوں کے آپس میں اچھے تعلقات بھی ہیں۔