لاس اینجلس: ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کو 52ویں اے ایف آئی لائف اچیومنٹ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ فلمی دنیا میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز دیا جائے گا۔ ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق امریکن فلم انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے 24 اپریل 2027 کو ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں انہیں اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
اے ایف آئی لائف اچیومنٹ ایوارڈ کو فلمی دنیا میں کیریئر کے حوالے سے اعلیٰ ترین اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ ہر سال کسی ایک شخصیت کو دیا جاتا ہے جس نے سنیما کے فن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہو اور طویل عرصے تک اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہو۔ اس اعزاز کے لیے فنکار کی خدمات کو فلمی اسکالرز۔ ناقدین۔ ساتھی فنکاروں اور ناظرین کی جانب سے تسلیم کیا جانا بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔
امریکن فلم انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی چیئرپرسن کیتھلین کینیڈی نے ٹام کروز کے انتخاب پر کہا کہ وہ عالمی سطح پر پہچانی جانے والی ایک بڑی شخصیت ہیں۔ بطور اداکار اور پروڈیوسر وہ اپنے ہر کام کے لیے غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ کینیڈی نے کہا کہ انہیں خاص طور پر فلموں پر ٹام کروز کے گہرے یقین اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی ان کی صلاحیت سے متاثر ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلموں کے لیے ٹام کروز کا یہی جذبہ انہیں دنیا بھر میں امریکی سنیما کا ایک غیر معمولی سفیر بناتا ہے۔ ان کے مطابق اے ایف آئی کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ ٹام کروز کو 52ویں لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز رہا ہے۔
5 دہائیوں سے زائد پر محیط فلمی سفر
ٹام کروز کا فلمی کیریئر 5 دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔ وہ اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر اور سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ ان کی مشہور فلموں میں ’ٹاپ گن‘۔ ’رسکی بزنس‘۔ ’مائناریٹی رپورٹ‘۔ ’انٹرویو ود دی ویمپائر‘۔ ’اے فیو گڈ مین‘ اور مقبول ’مشن امپاسیبل‘ سیریز شامل ہیں۔
ٹام کروز کی آئندہ فلموں میں ’ڈیز آف تھنڈر‘ کی اگلی کڑی بھی شامل ہے جس میں وہ این ہیتھوے کے ساتھ نظر آئیں گے۔
اپنے طویل فلمی سفر کے دوران ٹام کروز کو کئی اہم اعزازات اور نامزدگیاں بھی مل چکی ہیں۔ فلم ’بورن آن دی فورتھ آف جولائی‘ اور ’جیری میگوائر‘ میں ان کی اداکاری کے لیے انہیں بہترین اداکار کے ایوارڈز کی نامزدگیاں حاصل ہوئی تھیں۔
حال ہی میں انہیں فلم ’ٹاپ گن: ماورک‘ کے پروڈیوسر کی حیثیت سے بھی نامزدگی ملی تھی۔ اس فلم کو بہترین فلم کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
ٹام کروز کو اے ایف آئی لائف اچیومنٹ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جانا ان کے طویل فلمی سفر اور ہالی ووڈ میں ان کی خدمات کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔