ممبئی: بالی ووڈ اداکار سونو سود نے پیر کی صبح فلم ’جوش‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار شرد کپور سے ملاقات کی۔ شرد کپور ان دنوں صحت کے مسائل اور مالی مشکلات سے گزر رہے ہیں اور انہوں نے فلمی دنیا کے ساتھیوں سے کام اور مدد فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔
پیر کی صبح پاپارازی کے ذریعے لی گئی تصاویر میں سونو سود کو شرد کپور کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران وہ ان کی باتیں توجہ سے سنتے رہے اور ان مشکلات کے بارے میں جاننے کی کوشش کی جن سے شرد کپور اس وقت دوچار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سونو سود نے شرد کپور کی ٹانگ کی چوٹ کے علاج کے لیے ایک میڈیکل ٹیم کا بھی انتظام کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ انہیں ضروری طبی سہولیات اور سامان فراہم کیا جائے۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر شرد کپور کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ کافی کمزور اور جذباتی دکھائی دے رہے تھے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے اپنے 4 پالتو کتوں کو دوسرے لوگوں کے حوالے کرنے کے فیصلے کے بارے میں بتایا تھا۔
زندگی کے مشکل حالات سے گزرنے کے بعد شرد کپور نے اپنے پیارے پالتو کتوں کو ممبئی کے بے زبان پبلک ویلفیئر ٹرسٹ کے سپرد کر دیا تھا۔اس کے کچھ ہی عرصے بعد اداکار کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہوں نے فلم انڈسٹری سے وابستہ اپنے ساتھیوں سے آگے آکر مدد کرنے کی اپیل کی۔ شرد کپور نے اداکاری میں دوبارہ واپسی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صحت بہتر بنانا اور دوبارہ کام شروع کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ کافی عرصے سے مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
شرد کپور نے 1996 میں فلم ’دستک‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ اس کے بعد وہ ’جوش‘۔ ’لکشیا‘ اور ’جے ہو‘ سمیت کئی معروف فلموں میں نظر آئے۔فلم ’جوش‘ میں منفی کردار کے لیے ان کی اداکاری کو خاصی پذیرائی ملی تھی اور اسی فلم کے لیے انہیں فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین منفی کردار کے زمرے میں نامزدگی بھی حاصل ہوئی تھی۔