دبئی، : بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے بدھ 11 نومبر کو دبئی میں اپنے مداحوں کو اس وقت حیران کردیا جب انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے رومانوی گانے ’تو مل جائے‘ پر براہ راست پرفارمنس دی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے مشہور انداز میں دونوں بازو پھیلا کر مداحوں کا استقبال بھی کیا جس سے تقریب میں موجود شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔
شاہ رخ خان نے یہ پرفارمنس ڈینیوب پراپرٹیز کے ’شاہ رخز ریزیڈنسز‘ کے شاندار افتتاحی پروگرام میں دی۔ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس پرفارمنس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔
تقریب میں شاہ رخ خان سیاہ رنگ کے لباس میں نظر آئے۔ انہوں نے دیدہ زیب بلیزر اور میچنگ ٹراؤزر کے ساتھ سن گلاسز پہن رکھے تھے جبکہ ان کا مخصوص سیاہ و سفید بالوں کا انداز بھی توجہ کا مرکز رہا۔ تقریب میں ان کی اہلیہ گوری خان سمیت خاندان کے دیگر افراد اور فلم ساز کرن جوہر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شاہ رخ خان نے اپنے نام سے منسوب رئیل اسٹیٹ منصوبے کے لیے اظہار تشکر کیا۔
شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی 61ویں سالگرہ کے موقع پر فلم ’کنگ‘ کا گانا ’تو مل جائے‘ ریلیز کیا تھا۔ اس رومانوی گانے کی موسیقی سچن جگر نے ترتیب دی ہے جبکہ اس کے بول کمار نے لکھے ہیں۔ گانے کو اریجیت سنگھ اور مدھوبنتی باگچی نے اپنی آواز دی ہے۔ اس میں معروف برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کا لکھا ہوا انگریزی ریپ بھی شامل ہے۔
گانے کی ریلیز کے بعد ایڈ شیرن نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی دوستی اور اس موسیقی کے اشتراک کے بارے میں ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات کے دوران اداکار نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ ان کی اگلی فلم کے لیے ایک گانا بنائیں اور اس طرح بالی ووڈ میں اپنا ڈیبیو کریں۔
ایڈ شیرن کے مطابق گزشتہ دورۂ ہندوستان کے دوران وہ شاہ رخ خان کی رہائش گاہ پر گئے تھے جہاں انہوں نے اداکار سے اپنے گانے ’سیفائر‘ کی میوزک ویڈیو میں اریجیت سنگھ کے ساتھ مختصر کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔ اسی ملاقات میں شاہ رخ خان نے ان کا تعارف موسیقار جوڑی سچن جگر سے کرایا۔
ایڈ شیرن نے بتایا کہ اسی رات انہوں نے فلم ’کنگ‘ کے گانے ’تو مل جائے‘ کے لیے اپنا حصہ لکھا اور ریکارڈ بھی کرایا۔ انہوں نے اس اشتراک کو اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ایک ساتھ آنے کا خوبصورت موقع قرار دیا۔ گلوکار نے یہ بھی کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اریجیت سنگھ بھی اس گانے کا حصہ ہیں۔
گانے کی میوزک ویڈیو میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’کنگ‘ کی شریک اداکارہ دیپیکا پڈوکون بھی نظر آ رہی ہیں۔ ویڈیو میں دونوں کی کیمسٹری کے ساتھ فلم کے ایکشن مناظر کی جھلکیاں بھی شامل ہیں۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کنگ‘ کو ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور مارفلکس پکچرز نے پروڈیوس کیا ہے۔ ایکشن تھرلر پر مبنی یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں ابھیشیک بچن اور شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔