ممبئی:ممبئی کے تاریخی گیٹ وے آف انڈیا پر 21 نومبر کو گلوبل پیس آنرز 2026 کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس تقریب میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان۔ معروف کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور ہندوستان کی دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔این جی او دویج فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس تقریب کا مقصد امن۔ اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہونے والے افراد کی قربانیوں اور جرأت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
امروتا فڈنویس کی قائم کردہ دویج فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والی اس تقریب میں شاہ رخ خان اور سچن ٹنڈولکر کے علاوہ اکشے کمار۔ رنویر سنگھ۔ ٹائیگر شراف اور دیگر معروف شخصیات بھی شریک ہوں گی۔یہ تقریب تفریح۔ کھیل۔ کاروبار اور عوامی زندگی سے وابستہ بااثر شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے۔
دویج فاؤنڈیشن نے گلوبل پیس آنرز کو غیر معمولی جرأت۔ ثابت قدمی اور انسانیت کے جذبے کو تسلیم کرنے کے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر قائم کیا ہے۔ اس تقریب میں دہشت گردی کے ہیروز اور متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ امن۔ ہمدردی اور اتحاد کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔فاؤنڈیشن کی بانی امروتا فڈنویس نے آئندہ تقریب کے حوالے سے کہا کہ گلوبل پیس آنرز کا بنیادی مقصد ان قربانیوں کو یاد رکھنا ہے جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان لوگوں کی جرأت کو سراہنا ہے جو امن اور انسانیت کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی نے ناقابل تصور سانحات کا سامنا کیا ہے لیکن اس شہر کی اصل پہچان اس کی ثابت قدمی اور مشکل حالات میں متحد ہو جانے کی صلاحیت ہے۔ گلوبل پیس آنرز کے ذریعے ہم بہادری کی ان داستانوں کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں اور لوگوں کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ امن برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس اقدام کی حمایت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ تقریب ایک مرتبہ پھر لوگوں کو یادگاری۔ اظہار تشکر اور امید کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرے گی۔
گلوبل پیس آنرز کے گزشتہ ایڈیشن میں بھی شاہ رخ خان۔ ٹائیگر شراف اور وکرانت میسی سمیت کئی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر دہشت گردی کے ہیروز اور متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی پرفارمنس اور جذباتی خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔
یہ تقریب 21 نومبر 2026 کو شام 6 بجے سے ممبئی کے تاریخی گیٹ وے آف انڈیا پر منعقد ہوگی۔