شاہ رخ خان نہیں ان کا کام بولا: انوراگ کشپ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-01-2023
شاہ رخ خان نہیں ان کا کام بولا: انوراگ کشپ
شاہ رخ خان نہیں ان کا کام بولا: انوراگ کشپ

 

 

ممبئی: بالی وُڈ کے مشہور ہدایتکار انوراگ کشپ بھی شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کی کامیابی کے بعد ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ انوراگ کشپ نے شاہ رخ خان کو ’سب سے ہمت والا مرد‘ کہا اور یہ بھی کہا کہ ’وہ ہر چیز پر خاموش رہے ہیں لیکن ان کا کام بولا ہے۔‘ ہندوستان ٹائمزکے مطابق انوراگ کشپ نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ’لوگ سنیما میں واپس آ رہے ہیں اور سکرین کے سامنے ناچ رہے ہیں۔ لوگ فلم (پٹھان) کے بارے میں پرجوش ہیں۔ فلم کے بارے میں ایک سحر طاری ہے اور یہ سحر خوب صورت ہے۔ اسی سحر کی کمی تھی، یہ سحر سیاسی اور سماجی سحر بھی ہے

شاہ رخ خان کے بارے میں انوراگ کشپ مزید کہتے ہیں کہ ’سب سے ہمت والا مرد، سب سے نرم مزاج اور متحد آدمی جو ہر چیز پر خاموش رہا ہے وہ اب بولا ہے۔ وہ اب اپنے کام کے ذریعے بولا ہے۔ یہ بہت خوبصورت بات ہے۔ وہ سکرین پر بہت اونچا بول رہا ہے، میں سمجھ سکتا ہوں کہ شاہ رخ خان کیا سکھا رہا ہے کہ غیر ضروری بولنے کے بجائے اپنے کام کے ذریعے بات کرو، شاہ رخ خان تو شاہ رخ خان ہی ہیں۔‘ اُدھر شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کی باکس آفس پر دھوم ہے۔

فلم تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق پٹھان نے اپنی ریلیز کے پہلے چار دنوں میں انڈیا سمیت دنیا بھر سے 429 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں، جبکہ اتوار کے روز مزید 60 سے 62 کروڑ روپے کمانے کی پیش گوئی بھی ہے۔