ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان ایک بار پھر اپنے خاص انداز میں سخاوت اور قدر دانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرخیوں میں ہیں۔ انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ (Maatrubhumi: May War Rest in Peace) کی کاسٹ اور عملے کے ارکان کو مہنگی سوئس گھڑیاں تحفے میں دے کر حیران کردیا۔ ان گھڑیوں کی قیمت مبینہ طور پر دو لاکھ سے چھ لاکھ روپے تک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے 12 نومبر کو اپنے پنویل فارم ہاؤس میں فلم کی کاسٹ اور عملے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ یہ اجتماع فلم کے ٹریلر لانچ کے دو دن بعد منعقد ہوا۔ ٹیم کے ارکان کو بتایا گیا تھا کہ ملاقات میں فلم کی تشہیری حکمت عملی پر گفتگو ہوگی، لیکن وہاں پہنچنے پر انہیں ایک خوشگوار سرپرائز ملا۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے فلم سے وابستہ تقریباً 20 سے 25 افراد کو لگژری سوئس گھڑیاں تحفے میں دیں۔ ہر گھڑی کی قیمت دو لاکھ سے چھ لاکھ روپے کے درمیان بتائی گئی ہے۔ یہ گھڑیاں کپور واچ کمپنی (Kapoor Watch Company) سے حاصل کی گئی تھیں۔
مردوں کے لیے لانگینز اور ٹیگ ہیور، خواتین کو راڈو کی گھڑیاں
رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے ٹیم کے مرد اور خواتین ارکان کے لیے الگ الگ برانڈز کی گھڑیاں منتخب کیں۔ مرد ارکان کو لانگینز (Longines) اور ٹیگ ہیور (TAG Heuer) کی گھڑیاں دی گئیں، جب کہ خواتین کو راڈو (Rado) کی گھڑیاں تحفے میں ملیں۔
سلمان خان نے خود اپنے ہاتھوں سے ٹیم کے ارکان کو یہ تحائف پیش کیے۔ ان کا یہ اقدام فلم کی تیاری کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور تاخیر کے باوجود پروجیکٹ کے ساتھ وابستہ رہنے والے افراد کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
فلم میں فوجی کا کردار ادا کرنے والے اداکار وپن بھردواج نے سوشل میڈیا پر تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے سلمان خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس تحفے کو اپنے لیے ایک خاص اور یادگار لمحہ قرار دیا۔ اداکارہ تانیا دیسائی نے بھی سلمان خان کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں کون کون موجود تھا؟
پنویل فارم ہاؤس میں منعقدہ اس تقریب میں فلم کے ہدایت کار اپورو لاکھیہ کے علاوہ اداکارہ چترانگدا سنگھ، انکور بھاٹیہ، وپن بھردواج اور تانیا دیسائی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ فلم کے مکالمہ نگار چنتن شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کیا ہے فلم ’ماتر بھومی‘ کی کہانی؟
’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ ایک جنگی ڈرامہ ہے، جس کی ہدایت کاری اپورو لاکھیہ نے کی ہے۔ فلم میں سلمان خان کرنل سنتوش بابو کا کردار ادا کررہے ہیں، جب کہ چترانگدا سنگھ ان کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی۔
فلم کی کہانی بھارت اور چین کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ کے پس منظر سے متاثر ہے۔ اس میں سرحد پر تعینات فوجیوں کی زندگی، جنگی حالات میں ان کی جدوجہد اور ان کے اہل خانہ کو پیش آنے والے جذباتی و عملی مسائل کو دکھایا گیا ہے۔
فلم کا ٹریلر 10 نومبر کو ممبئی میں جاری کیا گیا تھا۔ یہ فلم 4 دسمبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔