فلسطینی اداکارہ میساء اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
فلسطینی اداکارہ
فلسطینی اداکارہ

 

 

یروشلم : شوبز ویب سائٹ ڈیڈ لائن کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر کیے جانے والے حالیہ حملوں کے دوران میساء عبدالھادی بھی زخمی ہوئیں، جنہیں فوری علاج فراہم کیا گیا۔رپورٹ میں اداکارہ کی جانب سے کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کو ایک پرامن مظاہرے میں شرکت کے دوران فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا۔ میساء عبدالھادی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دیگر عام شہریوں کے ہمراہ حیفا نامی علاقے میں پر امن مظاہرے میں شریک تھیں کہ ان سمیت دیگر مظاہرین پر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ دیگر شہریوں کے ہمراہ پر امن مظاہرے میں شرکت کرکے دنیا کو اسرائیل کا بھیانک چہرہ دکھانا چاہتی تھیں اور دنیا کو بتانا چاہتی تھیں کہ فلسطینیوں پر کتنے ظلم کیے جا رہے ہیں۔ اداکارہ نے لکھا کہ مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج نے اچانک پُرامن مظاہرین پر آنسوں گیس سمیت دیگر گرنیڈ اور گولیوں سے فائرنگ کردی اور اسی دوران ہی انہیں بھی ٹانگ میں کوئی چیز لگی، جس کی وجہ سے انہیں شدید تکلیف ہوئی اور ان کی ٹانگ سے کافی خون بہا۔ میساء عبدالھادی کے مطابق ان کی ٹانگ سے خون کو بہتے ہوئے دیکھ کر ایک نوجوان مدد کے لیے ان کے پاس آیا، جس کے بعد دیگر لوگوں نے انہیں طبی امداد کے لیے منتقل کیا۔

اداکارہ نے طبی امداد لیتے وقت بنائی گئی ویڈیو بھی شیئر کی اور ساتھ ہی حملے میں زخمی ہونے والی ٹانگ کے متاثرہ حصے کی تصویر بھی شیئر کی، جسے ٹانکوں سے بند کیا گیا تھا۔ میساء عبدالھادی نے مذکورہ پوسٹ انگریزی اور عربی سمیت ہیبریو زبان میں بھی شیئر کی، جو اسرائیل میں سب سے زیادہ بولی، پڑھی اور لکھی جانے والی زبان ہے۔ خیال رہے کہ میساء عبدالھادی نے زیادہ تر اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر قبضے کیے جانے اور اسرائیلی دہشت گردی پر بنے ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے۔