نئی دہلی:مس یونیورس آرگنائزیشن نے مقابلے کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر 2026ء کی مس یونیورس کے لیے نیا ہیروں سے مزین تاج متعارف کروا دیا ہے۔ دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی“ کے نام سے تیار کیا گیا یہ تاج نہ صرف اپنے نفیس ڈیزائن بلکہ اپنے پیغام کی وجہ سے بھی منفرد ہے، کیونکہ یہ مس یونیورس کے ماضی، حال اور مستقبل کو ایک ساتھ نمایاں کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ تاج 18 قیراط سفید سونے میں تیار کیا گیا ہے، جس میں 3,150 تراشیدہ ہیرے جڑے گئے ہیں۔ تاج کی رونمائی پورٹو ریکو کے پلازا لاس امریکاز میں منعقدہ ”دی مس یونیورس ایکسپیرینس“ تقریب کے دوران کی گئی۔ معروف جیولری ڈیزائنر جارج وِٹلز نے پیرس کے زیورات کے ادارے میسن ڈی اور کے اشتراک سے یہ شاہکار تیار کیا ہے۔
تاج کے ڈیزائن میں تین نمایاں ہیرے شامل ہیں، جو مس یونیورس کے ماضی، حال اور مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان میں سے ایک ہیرا ان خواتین کی علامت ہے جنہوں نے مقابلے کی تاریخ رقم کی، دوسرا ان موجودہ خواتین کی جو اپنی برادریوں میں مثبت تبدیلی کے لیے کام کر رہی ہیں، جبکہ مرکزی ہیرا آنے والی نسلوں کی نمائندگی کرتا ہے جو اس ورثے کو آگے بڑھائیں گی۔
س یونیورس آرگنائزیشن کے مطابق نیا تاج ان خواتین کی کامیابیوں اور اثر و رسوخ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے جو ماضی میں یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں اور جنہوں نے اس عالمی پلیٹ فارم کو مثبت تبدیلی کے لیے استعمال کیا۔ یوں یہ تاج محض ایک قیمتی زیور نہیں، بلکہ خواتینا کی قیادت، خدمت اور عالمی ورثے کی علامت ہے۔
مس یونیورس کی 75ویں سالگرہ کا گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں واقع کولیسیو ڈی پورٹو ریکو خوسے میگوئل اگریلوٹ میں منعقد ہو گا۔ اس موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی متوقع ہے، اور یہ تاج 2026ء کی مس یونیورس کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہو گا۔
مس یونیورس کا مختصر پس منظر
مس یونیورس دنیا کے معروف ترین بین الاقوامی حسن و شخصیت کے مقابلوں میں سے ایک ہے، جس کا آغاز 1952ء میں امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لانگ بیچ سے ہوا۔ پہلی مس یونیورس کا اعزاز فن لینڈ کی آرمی کوسیلہ کو حاصل ہوا۔ ابتدا میں یہ مقابلہ زیادہ تر حسن اور اندازِ نظر تک محدود سمجھا جاتا تھا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس کا دائرہ وسیع ہوتا گیا اور یہ خواتین کی شخصیت، قیادت، ثقافتی تنوع اور سماجی خدمات کو نمایاں کرنے کا عالمی پلیٹ فارم بن گیا۔
آج مختلف ممالک اور علاقوں کی خواتین مس یونیورس میں حصہ لیتی ہیں، جبکہ فاتح خواتین دنیا بھر میں تعلیم، صحت، انسانی حقوق، ماحولیات، خواتین کی بہبود اور سماجی شعور جیسے موضوعات پر اپنی آواز بلند کرتی ہیں۔ مس یونیورس آرگنائزیشن اس مقابلے کے انعقاد، اس کی عالمی مقبولیت اور فلاحی و آگاہی مہمات کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے۔ 75 سالہ یہ سفر مس یونیورس کے بدلتے ہوئے کردار، بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت اور خواتین کی نمائندگی کے ارتقا کا آئینہ دار ہے۔