سلمان خان کی فلم ’ماتربھومی‘ کا ٹریلر جاری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2026
سلمان خان کی فلم ’ماتربھومی‘ کا ٹریلر جاری
سلمان خان کی فلم ’ماتربھومی‘ کا ٹریلر جاری

 



ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی آنے والی فلم ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کے بنانے والوں نے فلم کا طویل انتظار کے بعد ٹریلر جاری کر دیا ہے۔ 2020 میں گلوان وادی میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ سے متاثر اس فلم میں جنگ کے دوران فوجیوں کی بہادری اور قربانی کے ساتھ ان کے اہل خانہ کی جذباتی زندگی کو بھی پیش کیا گیا ہے۔

ٹریلر میں سلمان خان فوجی افسر کرنل بکوملا سنتوش بابو کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ وہ گلوان وادی کی جھڑپ کے دوران 16 بہار رجمنٹ کی قیادت کر رہے تھے۔ فوجی وردی اور منفرد انداز میں سلمان خان سرحد پر اپنی فوجی ٹکڑی کی قیادت کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ ٹریلر میں دشمن کے ساتھ شدید جھڑپوں اور ہاتھا پائی کے مناظر بھی شامل ہیں۔

فلم میں صرف جنگی کارروائیوں کو ہی نہیں بلکہ فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی زندگی کے جذباتی پہلوؤں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ وردی پہننے والے فوجیوں کی زندگی میں ہر الوداع غیر یقینی صورت حال سے جڑا ہوتا ہے اور اپنے عزیزوں کے ساتھ گزارا جانے والا ہر لمحہ قیمتی بن جاتا ہے۔

ٹریلر میں جنگ کے ان اثرات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جو میدان جنگ سے کہیں آگے تک محسوس کیے جاتے ہیں۔ جنگ دونوں جانب کے لوگوں کی زندگیاں متاثر کرتی ہے۔ اس میں انسانی جانیں جاتی ہیں۔ خاندان بچھڑ جاتے ہیں اور ایسے زخم باقی رہ جاتے ہیں جن کا درد لڑائی ختم ہونے کے بعد بھی برقرار رہتا ہے۔

سلمان خان نے ایک فوجی افسر کے کردار میں اپنے ایکشن مناظر سے خاص تاثر قائم کیا ہے جبکہ چترانگدا سنگھ کے ساتھ ان کی جوڑی فلم کی کہانی میں جذباتی رنگ پیدا کرتی ہے۔

سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹریلر شیئر کرتے ہوئے دلچسپ انداز میں لکھا، ’’آج جاری کروں یا کل؟ جو کل کرے سو آج کر اور جو آج کرے سو اب۔ ٹریلر سے لطف اٹھائیں۔‘‘

سلمان خان فلمز کے بینر تلے سلمیٰ خان کی تیار کردہ اس فلم کی ہدایت کاری اپورو لاکھیا نے کی ہے۔ چترانگدا سنگھ بھی اس میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کا ابتدائی نام ’بیٹل آف گلوان‘ رکھا گیا تھا تاہم بعد میں اسے تبدیل کرکے ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کر دیا گیا۔

یہ فلم 2020 میں گلوان وادی میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ پر مبنی ہے۔ فلم پہلے رواں سال اپریل میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن بعد میں اس کی نمائش ملتوی کر دی گئی۔ اب یہ فلم 4 دسمبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔