دلیپ کمار کی موت سے لتا منگیشکر بے حد غمگین

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2021
لتا مینگیشکر دلیپ کمار کے ہمراہ
لتا مینگیشکر دلیپ کمار کے ہمراہ

 

 

  بالی ووڈ کی معروف پلے بیک سنگر لتا منگیشکر کو ہندوستانی سنیما کے معروف اداکار شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے انتقال سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔

دلیپ کمار کی موت سے فلم انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دلیپ کمار کو یاد کرتے ہوئے لتا منگیشکر بہت جذباتی ہو گئیں اور انہوں نے بہت ہی جذباتی ٹویٹ کیا۔

لتا منگیشکر دلیپ کمار کو اپنا بھائی سمجھتی تھیں اور ہر برس انہیں راکھی باندھتی تھیں۔

لتا نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ  یوسف بھائی نے آج اپنی چھوٹی بہن کو چھوڑ دیا ہے…یوسف بھائی چلے گئے ، ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا۔ مجھے کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔ میں بہت اداس ہوں، میرے پاس کوئی الفاظ نہیں ہیں۔ کئی باتیں اور کئی یادیں ہمیں دے کر چلے گئے۔

لتا مینگیشکر نے مزید لکھا کہ یوسف بھائی گزشتہ کئی برسوں سے بیمار تھے ، کسی کو پہچان نہیں سکتے تھے ، ایسے وقت سائرہ بھابھی نے سب کچھ چھوڑ دیا تھا اور دن رات ان کی خدمت کرتی تھیں ، ان کے لئے دوسری کوئی زندگی نہیں تھی۔ میں ایسی عورت کو سلام پیش کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ یوسف بھائی کی روح کو سکون ملے۔