کوئی... مل گیا' کے اداکار انوج پنڈت شرما ڈاکٹر پربھ جیوت چاولہ کے ساتھ شادی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2026
کوئی... مل گیا' کے اداکار انوج پنڈت شرما ڈاکٹر پربھ جیوت چاولہ کے ساتھ شادی
کوئی... مل گیا' کے اداکار انوج پنڈت شرما ڈاکٹر پربھ جیوت چاولہ کے ساتھ شادی

 



ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور فلم ’کوئی... مل گیا‘ میں بٹو سردار کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والے اداکار انوج پنڈت شرما نے ڈاکٹر پربھ جیوت چاولہ کے ساتھ شادی کرلی ہے۔ دونوں نے ایک سادہ اور نجی تقریب میں نئی زندگی کا آغاز کیا۔

اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی کچھ تصاویر اور تقریبات کی جھلکیاں شیئر کیں۔ ان تصاویر کے سامنے آنے کے بعد مداحوں کو فلم میں ان کے مقبول کردار بٹو سردار کی یادیں تازہ ہوگئیں۔جوڑے نے شادی کی تقریبات میں ہندو اور سکھ دونوں روایات کو شامل کیا۔ شادی کی رسومات میں مقدس آگ کے گرد پھیرے لینے کے بعد ایک گوردوارے میں شادی کے سرکاری دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔

اس خاص موقع پر انوج نے آف وائٹ رنگ کی کڑھائی والی شیروانی زیب تن کی تھی جبکہ پربھ جیوت سرخ رنگ کے روایتی دلہن کے لباس میں نظر آئیں۔ شادی کی تصاویر میں دونوں ایک ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے دکھائی دیے۔سوشل میڈیا پروفائل کے مطابق ڈاکٹر پربھ جیوت چاولہ صحت اور تندرستی سے متعلق ایک پلیٹ فارم کی بانی ہیں اور فٹنس کے شعبے میں بھی سرگرم ہیں۔

انوج پنڈت شرما اب انوج انیل شرما کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ انہیں 2003 میں ریتک روشن کی فلم ’کوئی... مل گیا‘ میں بٹو سردار کا کردار ادا کرکے نمایاں شناخت ملی تھی۔ اسی سال وہ فلم ’ڈرنا منع ہے‘ میں بھی نظر آئے تھے۔بعد ازاں انہوں نے ’سے سلام انڈیا‘ (2007) اور ’ٹوٹل سیاپا‘ (2014) جیسی فلموں میں کام کیا۔ فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ میں انہوں نے یامی گوتم کے کردار کے بھائی مانَو کا کردار ادا کیا تھا۔

ٹیلی ویژن کی دنیا میں بھی انوج نے اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے 2015 سے 2016 کے دوران نشر ہونے والے سیریل ’پرورش‘ کے دوسرے سیزن میں جوگیندر عرف جوگی کھرانہ کا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ 2017 سے 2018 تک کامیڈی سیریز ’عادت سے مجبور‘ میں سنی کے کردار میں نظر آئے۔

ڈیجیٹل تفریحی دنیا میں بھی انہوں نے کام کیا۔ 2021 میں انہوں نے ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار کی مختصر کامیڈی ویب سیریز ’بامنی اینڈ بوائز‘ میں اتپل کا کردار ادا کیا۔انوج ان دنوں اپنے آئندہ پروجیکٹ ’کامن آدمی‘ سے وابستہ ہیں جس میں وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور مصنف بھی کام کر رہے ہیں۔ خوشال ایس راٹھور کی ہدایت کاری میں بننے والے اس پروجیکٹ میں رتوپرنا سین گپتا۔ سونالی کلکرنی۔ برجندر کالا اور الکا امین سمیت کئی فنکار شمل ہیں۔اداکاری اور اسکرپٹ رائٹنگ کے علاوہ انوج میوزک ویڈیوز میں بھی کام کرچکے ہیں۔ وہ زی میوزک کمپنی کے گیت ’میری ہیریئے‘ میں کنیکا کپور کے ساتھ نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’تیرے واسطے‘ میں بھی حصہ لیا ہے۔