دلجیت نے کہا کہ 15 نومبر کو وہ 101 فیصد اندور پہنچ رہے ہیں۔ وہاں سب سے پہلے پوہا کھائیں گے اور پھر اس سے توانائی حاصل کرکے محفل میں خوب رنگ جمائیں گے۔ انہوں نے مداحوں سے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے وہ 15 نومبر کو ضرور ان سے ملاقات کریں گے۔ بس ان کی بات پر بھروسہ رکھیں۔
دوسری جانب دلجیت کا اندور کنسرٹ ایک اور وجہ سے بھی خبروں میں ہے۔ اطلاعات کے مطابق منتظمین اور پروگرام کے مقام کے ذمہ داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے گانے پیش نہ کریں جن سے بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہو۔محکمہ خواتین و اطفال کے ضلعی افسر راج نیش سنہا نے اس سلسلے میں بتایا کہ دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ 15 نومبر کو ٹوئنٹی ون بزنس پارک میں منعقد ہونا ہے۔ انہیں چندی گڑھ سے ایک خط موصول ہوا تھا جس میں ایسے گانوں کا ذکر کیا گیا تھا جو منشیات اور نشہ آور اشیا یا ہتھیاروں کی تعریف کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے منتظمین کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ ایسے گانے پیش نہ کیے جائیں کیونکہ ان سے بچوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ دلجیت نے 30 اکتوبر کو دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں اپنے اورا دورے کے ہندوستانی مرحلے کا آغاز کیا تھا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مداح ان کا پروگرام دیکھنے پہنچے تھے۔
اپنی مقبول گائیکی کے ذریعے دلجیت نے سامعین کو موسیقی کے یادگار سفر پر لے گئے۔ انہوں نے ’جی او اے ٹی‘، ’اک کڑی‘، ’للکارا‘، ’عشق دی باجیاں‘، ’نینا‘، ’کنی کنی‘، ’کیس‘، ’پنج تارا‘، ’ہس ہس‘ اور ’واٹر‘ جیسے مشہور گانے پیش کیے۔ شام کے یادگار لمحات میں سے ایک ’سانسوں کی مالا‘ کی پیشکش تھی جس پر سامعین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔