کرن جوہر کا را کے بانی آر این کاؤ پر فلم کا اعلان۔ 2028 میں ہوگی ریلیز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-09-2026
کرن جوہر کا را کے بانی آر این کاؤ پر فلم کا اعلان۔ 2028 میں ہوگی ریلیز
کرن جوہر کا را کے بانی آر این کاؤ پر فلم کا اعلان۔ 2028 میں ہوگی ریلیز

 



ممبئی۔ دھرما پروڈکشنز نے ہندوستان کی بیرونی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ یعنی R&AW کے بانی اور پہلے سربراہ رامیشور ناتھ کاؤ کی زندگی اور کردار پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ فلم 11 اگست 2028 کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

پروڈیوسر کرن جوہر نے 21 ستمبر کو R&AW کے قیام کی 58 ویں سالگرہ کے موقع پر اس فلم کا اعلان کیا۔ فلم معروف مصنف نتن گوکھلے کی کتاب Gentleman Spymaster پر مبنی ہوگی۔

فلم میں آر این کاؤ کے ذریعے R&AW کے قیام اور اس کے پہلے مشن کی کہانی پیش کی جائے گی۔ اس کی کہانی 1955 سے 1971 کے دور پر محیط ہوگی اور 1971 میں پاکستان کے ساتھ ہونے والی جنگ تک پہنچے گی۔

فلم کا اعلان کرتے ہوئے کرن جوہر نے کہا کہ کاؤ نے ایک ایسی تنظیم کی بنیاد رکھی جسے آنکھوں سے نہیں دیکھا جاسکتا تھا لیکن تاریخ میں اس کے اثرات نمایاں رہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم آر این کاؤ کی کہانی بیان کرے گی جنہوں نے پس پردہ رہ کر کام کیا اور ایک ایسے ادارے کو شکل دی جسے آج R&AW کے نام سے جانا جاتا ہے۔ فلم میں ادارے کے پہلے مشن کو بھی دکھایا جائے گا۔

یہ فلم دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو کے اشتراک سے بنائی جائے گی۔ ادر پونہ والا۔ اپوروا مہتا اور امرت پال سنگھ بندرا بھی اس منصوبے سے وابستہ ہیں۔

فلم کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا ہے اور اس وقت یہ منصوبہ تیاری کے مرحلے میں ہے۔ کرن جوہر کے مطابق لیو میڈیا کلیکٹو گزشتہ 2 برس سے اس کہانی پر تحقیق اور اسے فلمی انداز میں پیش کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیو میڈیا نے گزشتہ 2 برس کے دوران اس داستان پر بڑی محنت سے تحقیق کی ہے اور اسے ڈرامائی انداز میں پیش کرنے کی تیاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم حقیقی واقعات پر مبنی ایک سنسنی خیز کہانی ہوگی جو R&AW کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔

فلم میں ان حالات کو بھی دکھایا جائے گا جن کے نتیجے میں R&AW کے قیام کی ضرورت محسوس ہوئی۔ اس کے بعد 1968 میں ادارے کے باضابطہ قیام اور اس کے پہلے مشن کو کہانی کا حصہ بنایا جائے گا۔

آر این کاؤ کو فلم کا مرکزی کردار بنایا گیا ہے۔ کہانی میں ہندوستان کے بیرونی خفیہ نظام کو تشکیل دینے میں ان کے کردار اور حکمت عملی کو نمایاں کیا جائے گا۔

فلم کی کاسٹ۔ ہدایت کار اور دیگر تفصیلات کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق یہ بڑے پیمانے پر بنائی جانے والی جاسوسی اور ایکشن فلم ہوگی اور اس کی شوٹنگ 2026 کے وسط تک شروع ہونے کی توقع ہے۔

یہ دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو کی تیسری مشترکہ فلم ہوگی۔ دونوں ادارے اس سے قبل Bad Newz اور Kesari: Chapter 2 میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔