ممبئی: نیٹ فلکس مقبول کامیڈی شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے پانچویں سیزن کے ساتھ ایک بار پھر ناظرین کو ہنسانے کے لیے تیار ہے۔ کپل شرما کی میزبانی میں شو کا نیا سیزن 26 ستمبر سے شروع ہوگا اور اس کی نئی قسط ہر ہفتے ہفتہ کے روز رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔کپل شرما کے ساتھ سنیل گروور، کرشنا ابھیشیک، کیکو شاردا، ارچنا پورن سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو بھی اپنی مخصوص مزاحیہ اداکاری اور شرارتوں کے ساتھ واپس آ رہے ہیں۔ نیٹ فلکس کے مطابق پانچواں سیزن پہلے سے زیادہ بڑا، مزید دلچسپ اور غیر متوقع لمحات سے بھرپور ہوگا۔
’ہنسی کے تہوار‘ کے ساتھ واپسی
اس سیزن میں مہمانوں کی فہرست میں ایسے مختلف کردار، شخصیات اور رنگ شامل ہوں گے جو ہندوستان کی گوناگوں ثقافت اور معاشرتی زندگی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ شو کے ذریعے ان تمام پہلوؤں کو مزاح اور تفریح کے انداز میں پیش کیا جائے گا۔نئے سیزن کی واپسی پر کپل شرما نے کہا کہ ہر سیزن کے بعد انہیں لگتا ہے کہ اب کافی مستی کرلی، لیکن پھر احساس ہوتا ہے کہ ابھی بہت کچھ باقی ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے ناظرین کی جانب سے نیٹ فلکس پر شو کو ملنے والی محبت کا شکریہ ادا کیا۔کپل نے کہا کہ اس بار دیوالی اور کرسمس سمیت آنے والے تہواروں کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں ارچنا پورن سنگھ کے لفافوں سے دور رہنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
پانچواں سیزن، نئے مہمان اور نئی شرارتیں
نیٹ فلکس کی سیریز ہیڈ تانیا بامی نے کہا کہ ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ نے خاندانی تفریح کے طور پر ایک منفرد مقام بنایا ہے۔ ان کے مطابق پانچواں سیزن اس بات کی علامت ہے کہ شو کا انداز مختلف عمر کے ناظرین کو ایک ساتھ جوڑنے میں کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے وقفے کے بعد شو کی واپسی کا انتظار بڑھتا رہا اور نئے سیزن میں تہواروں کے آغاز کے ساتھ ہی دلچسپ مہمانوں کی فہرست پیش کی جائے گی۔تانیا بامی کے مطابق اس سیزن کا موضوع ’ہر ٹائپ کا فنی‘ ہے، جبکہ کپل شرما ایک بار پھر اپنے مزاحیہ انداز کے ذریعے ناظرین کو محظوظ کریں گے۔
26 ستمبر سے ہر ہفتے نئی قسط
’دی گریٹ انڈین کپل شو سیزن 5‘ کا پریمیئر 26 ستمبر کو ہوگا۔ نئی اقساط ہر ہفتے ہفتہ کے روز رات 8 بجے صرف نیٹ فلکس پر نشر کی جائیں گی۔