امتیاز علی کی نئی سیریز ’او ساتھی رے‘ کا ٹریلر جاری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2026
امتیاز علی کی نئی سیریز ’او ساتھی رے‘ کا ٹریلر جاری
امتیاز علی کی نئی سیریز ’او ساتھی رے‘ کا ٹریلر جاری

 



ممبئی: معروف فلم ساز امتیاز علی ایک نئی لو اسٹوری کے ساتھ واپسی کررہے ہیں۔ تاہم اس بار ان کی کہانی کا محور ایک ایسی شادی ہے جو ٹوٹنے کے دہانے پر ہے اور تین کردار پیچیدہ رشتوں کے درمیان الجھے ہوئے ہیں۔ادیتی راؤ حیدری اویناش تیواری اور ارجن رامپال کی اداکاری سے سجی امتیاز علی کی آنے والی سیریز ’او ساتھی رے‘ کا ٹریلر منگل کے روز جاری کردیا گیا۔ یہ سیریز 4 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔ٹریلر میں روشن (ادیتی راؤ حیدری) اور کرن (اویناش تیواری) کی کہانی دکھائی گئی ہے جن کی ازدواجی زندگی ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ حالات اس وقت مزید پیچیدہ ہوجاتے ہیں جب روشن کو پردیومن (ارجن رامپال) سے محبت ہوجاتی ہے۔ تینوں کردار ایک جذباتی کشمکش میں گھر جاتے ہیں۔ کہانی میں محبت شادی ذاتی فیصلوں اور کسی رشتے سے باہر نکلنے کی دشواری جیسے موضوعات کو پیش کیا گیا ہے۔

کرن اب بھی روشن سے محبت کرتا ہے جبکہ روشن اپنے جذبات اور زندگی سے اپنی توقعات کو سمجھنے کی کوشش کررہی ہے۔ دوسری طرف پردیومن اس کی زندگی میں ایک مختلف نقطہ نظر لے کر آتا ہے۔ سیریز یہ سوال اٹھاتی ہے کہ کیا محبت کا مطلب کسی کو اپنے ساتھ باندھ کر رکھنا ہے یا اسے اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کی آزادی دینا ہے۔روشن کا کردار ادا کرنے والی ادیتی راؤ حیدری نے اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ روشن ایک ایسی عورت ہے جو دوسروں کی زندگی میں ادا کیے جانے والے مختلف رشتوں سے آگے بڑھ کر اپنی شناخت کو سمجھنے کی کوشش کررہی ہے۔ وہ ایک بیٹی ایک بیوی اور ایک بہن ہے لیکن ان تمام رشتوں کے پیچھے ایک ایسی انفرادی شخصیت بھی ہے جس کی اپنی خواہشات تضادات اور کمزوریاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں روشن کے کردار کی سب سے اچھی بات یہ لگی کہ وہ نہ تو ایک مکمل انسان ہے اور نہ ہی اسے کسی ایک تعریف میں محدود کیا جاسکتا ہے۔ارجن رامپال نے پردیومن کے کردار کے بارے میں کہا کہ وہ روشن کی دنیا میں ایک بالکل مختلف توانائی لے کر آتا ہے۔ وہ پراعتماد اور خود اعتمادی سے بھرپور شخصیت کا مالک ہے اور روشن کو ان شناختوں سے آگے بڑھ کر دیکھتا ہے جن کے ساتھ اسے ہمیشہ جوڑا جاتا رہا ہے۔

امتیاز علی کی تخلیق تحریر اور نگرانی میں بننے والی اس سیریز کی ہدایت کاری عارف علی نے کی ہے۔ سیریز میں ذاتی فیصلوں رشتوں سے وابستہ توقعات اور محبت و جذباتی وابستگی کے درمیان فرق جیسے موضوعات کو بھی پیش کیا گیا ہے۔ونڈو سیٹ فلمز کے بینر تلے بننے والی اس سیریز کے پروڈیوسر امتیاز علی موہت چودھری اور شیباسیش سرکار ہیں۔ ’او ساتھی رے‘ 4 دسمبر 2026 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔