امتیاز علی اور اے آر رحمان نے دلچسپ راز کھول دیے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2026
امتیاز علی اور اے آر رحمان نے دلچسپ راز کھول دیے
امتیاز علی اور اے آر رحمان نے دلچسپ راز کھول دیے

 



نئی دہلی: فلم ساز امتیاز علی اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے اپنی 15 سالہ کامیاب شراکت داری کے دوران پیش آنے والے کئی کم معروف اور دلچسپ واقعات سے پردہ اٹھایا۔ جاری دہرادون لٹریچر فیسٹیول میں دونوں نے ’راک اسٹار‘ (2011) اور ’ہائی وے‘ (2014) سمیت اپنی متعدد فلموں کے لیے کیے گئے کام پر گفتگو کی اور بتایا کہ ان کی کئی یادگار دھنیں غیر یقینی، اچانک پیش آنے والے موڑ اور خاصی الجھن کے درمیان وجود میں آئیں۔

اے آر رحمان نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ’راک اسٹار‘ کے پروڈیوسر فلم کے میوزک سے خوش نہیں تھے اور فلم کی ریلیز کے تقریباً 8 ماہ بعد تک انہیں معاوضہ نہیں دیا گیا تھا۔ رحمان نے کہا، ’’پروڈیوسر نے مجھے ’راک اسٹار‘ کے پورے کام کی ادائیگی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے موسیقی پسند نہیں ہے۔ اس دوران میں موسیقاروں اور اپنے سفر کے اخراجات خود برداشت کرتا رہا۔ میں نے امتیاز کو بھی یہ نہیں بتایا کہ مجھے اس فلم کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ بالآخر فلم کی ریلیز کے 8 ماہ بعد انہیں چیک ملا۔ تاہم ’راک اسٹار‘ کی تیاری کے دوران اس سے بھی کئی دلچسپ واقعات پیش آئے۔ ایک موقع پر امتیاز علی اور اے آر رحمان دونوں کو یہ غلط فہمی ہوگئی کہ شاید دوسرا شخص رابطے سے غائب ہوگیا ہے۔ امتیاز علی نے بتایا کہ وہ رحمان کے جواب کا انتظار کر رہے تھے، جبکہ رحمان کے مطابق اس وقت ان کا فلم ساز سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ وہ اس وقت تک 2 گانوں پر کام کرچکے تھے اور 3 مزید خیالات بھی تیار کرچکے تھے۔ امتیاز نے بتایا کہ ایک وقت پر انہیں شبہ ہونے لگا تھا کہ شاید رحمان اس فلم پر کام کرنے سے ہچکچا رہے ہیں اور انکار کرنے کے لیے ’’بہت زیادہ شائستگی‘‘ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

آخرکار دہلی کی حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ پر فلم کی لوکیشن کی ریکی کے دوران یہ غلط فہمی دور ہوئی۔ امتیاز علی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے درگاہ کے ایک خادم سے سنا کہ اے آر رحمان درگاہ سے متعلق ایک گانا بھی تیار کر رہے ہیں۔

چونکہ حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ ’راک اسٹار‘ میں دکھائی گئی تھی، اس لیے امتیاز کو یقین ہوگیا کہ رحمان واقعی فلم کے لیے کام کر رہے ہیں۔ امتیاز علی اور اے آر رحمان کی یہ شراکت داری گزشتہ 15 برسوں میں ہندوستانی سنیما کو کئی مقبول اور یادگار گیت دے چکی ہے۔ ’راک اسٹار‘ اور ’ہائی وے‘ کے علاوہ دونوں نے مختلف فلمی منصوبوں میں بھی ساتھ کام کیا ہے۔ ’ہائی وے‘ کے حوالے سے امتیاز نے بتایا کہ فلم میں ابتدا میں صرف ایک گانے کا تصور تھا، لیکن کام آگے بڑھتے بڑھتے گانوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی۔