ممبئی: معروف اداکارہ اور سیاست داں ہیما مالنی نے فلم ’رامائن‘ کے تازہ ترین فلمی روپ کی تعریف کرتے ہوئے اس کے خصوصی بصری اثرات۔ فنکاروں کے انتخاب اور شاندار پیشکش کو سراہا ہے۔ ان کی یہ ستائش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فلم کے ہندی نسخے نے ریلیز کے محض پانچ دنوں میں ہندوستان میں 270 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔
ہیما مالنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں انہیں اس فلم سے زیادہ توقعات نہیں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قدیم رزمیہ داستان کو پہلے بھی کئی مرتبہ پردۂ سیمیں پر پیش کیا جا چکا ہے اور اس کی کہانی میں تبدیلی کی گنجائش بھی محدود ہے کیونکہ نئی نسل کے بچے بھی اس سے واقف ہیں۔
تاہم فلم دیکھنے کے بعد ان کی رائے بدل گئی اور وہ اس کی پیشکش سے خاصی متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ فلم نے ان کی توقعات سے بڑھ کر ایک منفرد تجربہ پیش کیا ہے۔
ہیما مالنی نے بالخصوص فلم کے حیرت انگیز بصری اثرات اور جدید تکنیکی مہارت کی تعریف کی۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے ناظرین کو ایک مختلف دور میں پہنچا دیا اور فلم کے واقعات کو اس انداز میں پیش کیا گیا کہ دیکھنے والے خود کو ان کا حصہ محسوس کرنے لگے۔
انہوں نے فلم کے مرکزی کرداروں کے لیے فنکاروں کے انتخاب کو بھی موزوں قرار دیا اور مجموعی پیشکش کو شاندار بتایا۔
انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں ہیما مالنی نے لکھا کہ انہوں نے ’رامائن‘ کا تازہ ترین فلمی روپ دیکھا۔ چونکہ یہ ایک قدیم رزمیہ داستان ہے جسے پہلے بھی کئی بار پیش کیا جا چکا ہے اس لیے وہ کم توقعات کے ساتھ فلم دیکھنے گئی تھیں۔ لیکن اس کی شاندار پیشکش اور حیرت انگیز بصری اثرات نے انہیں خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی کرداروں کے لیے فنکاروں کا انتخاب بھی بہت مناسب ہے۔ فلم دیکھنے کے دوران انہوں نے ناظرین کے ردعمل کو محسوس کیا جو خود کو ایک دوسرے دور میں پہنچا ہوا محسوس کر رہے تھے اور کہانی کے واقعات میں شریک ہو رہے تھے۔ ان کے مطابق جدید ترین تکنیکی اختراعات کے استعمال نے فلم کو ایک بالکل منفرد تجربہ بنا دیا ہے۔
نِتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی ’رامائن: حصہ اول‘ قدیم رزمیہ داستان پر مبنی دو حصوں کی فلمی پیشکش کا پہلا حصہ ہے۔
فلم میں رنبیر کپور نے بھگوان رام کا کردار ادا کیا ہے جبکہ سائی پلوی سیتا اور یش راون کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ روی دوبے لکشمن اور سنی دیول ہنومان کے کردار میں ہیں۔ انوپم کھیر نے مقدس پرندے جٹایو کو اپنی آواز دی ہے جو سیتا کو راون کے اغوا سے بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ دیگر اہم کرداروں میں ارون گوول۔ لارا دتہ اور راکل پریت سنگھ شامل ہیں۔
فلم نے ہندی زبان میں بھی غیر معمولی کاروبار کیا ہے۔ تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق فلم نے پیر کو ریلیز کے پانچویں دن 95 کروڑ روپے کمائے۔ دیوالی کے تہوار کے دوران اس کی آمدنی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
فلم کی پانچ دنوں کی مجموعی خالص آمدنی 270.25 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔