بالی وڈ : شگفتہ علی کو دی روہت شیٹھی نے مالی مدد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-07-2021
سہارا مل گیا
سہارا مل گیا

 

 

 

 پچھلے کئی دنوں سے خبریں تھیں کہ فلمی دنیا کی اداکارہ شگفتہ علی مالی حالات خراب ہونے کے سبب پریشان ہیں اور کوئی ان کی مدد نہیں کررہا ہے۔ لیکن فلموں اور ٹیلی ویژن کی اداکارہ شگفتہ علی کو بالی ووڈ کے معروف فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر روہت شیٹھی کی جانب سے فراخدلانہ مالی امداد موصول ہوئی ہے۔اس بات کی تصدیق فلمساز اور انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت نے کی۔ 

انھوں نے کہا کہ روہیت شیٹھی نے بڑی فیاضی سے شگفتہ کی مدد کی جس پر ہم روہیت کے انتہائی مشکور ہیں۔اس حوالے سے مالی مشکلات کا شکار شگفتہ علی نے کہا کہ انکی روہیت شیٹھی سے کبھی ملاقات ہوئی نہ آمنا سامنا ہوا اور نہ ہی فون پر بات ہوئی، لیکن اسکے باوجود انھوں نے دل کھول کر اور بڑی فیاضی سے ان کی مدد کی ہے۔

 اشوک پنڈت نے بتایا کہ جب انھیں شگفتہ کی مالی صورتحال اور بیماری کا پتہ چلا تو وہ حالات کا جائزہ لینے ان کے پاس گئے اور صورتحال دیکھنے کے بعد انھوں نے روہیت سے بات کی جس پر وہ مالی مدد کے لیے فوری تیار ہوگئے۔اشوک کے مطابق وہ اب بالی ووڈ میں مزید ایسے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ اسی قسم کی صورتحال سے پریشان ہیں۔