ممبئی: بگ باس 20 کے اس ہفتے کے ’ویک اینڈ کا وار‘ میں گھر کے رشتوں اور قریبی تعلقات پر بھی سوالات اٹھائے جائیں گے۔ فلم ساز روہت شیٹی اس ہفتے سلمان خان کی جگہ شو کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے اور وہ مقابلے میں شریک اسکاؤٹ او پی اور لو پریت کور گِل سے ان کی بڑھتی قربت کے بارے میں سوال کریں گے۔
سلمان خان نے 18 اکتوبر کے ایپی سوڈ میں اعلان کیا تھا کہ پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث وہ آئندہ ’ویک اینڈ کا وار‘ میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ اس کے بعد روہت شیٹی کو اس ایپی سوڈ کا میزبان مقرر کیا گیا۔جیو ہاٹ اسٹار کی جانب سے جاری کیے گئے پرومو میں روہت شیٹی لو سے اسکاؤٹ کے ساتھ ان کے تعلقات کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ لو جب اسکاؤٹ کو اپنا بھائی قرار دیتی ہیں تو روہت ان دونوں کے درمیان جسمانی قربت پر سوال اٹھاتے ہیں۔
روہت شیٹی پوچھتے ہیں کہ لو کے لیے اسکاؤٹ کیا ہیں۔ اس پر لو انہیں اپنا بھائی بتاتی ہیں۔اس کے بعد روہت شیٹی کہتے ہیں کہ اسکاؤٹ کو کمبل کے اندر لو کی ٹانگوں ہاتھوں اور گردن کی مالش کرتے دیکھا گیا ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ لو اسکاؤٹ سے پیچھے کی جانب دبانے کو کہتی ہیں اور اسکاؤٹ ان کی پنڈلیوں کی مالش کرتے ہیں۔ روہت کے مطابق اس طرح کی قربت اسکرین پر بالکل اچھی نہیں لگ رہی۔
اس گفتگو کے دوران اسکاؤٹ اپنا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب ساتھی کنٹسٹنٹ ماہی وج ان سے مساج کرنے کو کہتی ہیں تو وہ ان کی بھی مالش کرتے ہیں۔ تاہم روہت شیٹی ان کے طرز عمل پر سوال اٹھاتے رہتے ہیں اور انہیں خبردار کرتے ہیں کہ لو کے ساتھ ان کی قربت سے ناظرین کے درمیان غلط تاثر پیدا ہو سکتا ہے۔
اس پرومو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ناظرین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔ کئی صارفین نے روہت شیٹی کی مداخلت کی حمایت کی اور دونوں کنٹسٹنٹس کے درمیان ہونے والی گفتگو پر تبصرے کیے۔ایک صارف نے لکھا کہ اب مزہ آئے گا۔ روہت سر چھا گئے جبکہ اسکاؤٹ اور لو حیران رہ گئے۔ ایک دوسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ اسکاؤٹ اور لو کا معاملہ اب ختم ہو گیا۔
دریں اثنا بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسکاؤٹ او پی کی گرل فرینڈ کاشوی ہیرانندانی بگ باس 20 کے کسی آئندہ ’ویک اینڈ کا وار‘ ایپی سوڈ میں نظر آ سکتی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ اسکاؤٹ کے رشتے میں ہونے کے باوجود لو کے ساتھ ان کی بڑھتی قربت کے معاملے پر اپنا موقف پیش کر سکتی ہیں۔ تاہم ان کی شرکت کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔