نئی دہلی : بالی ووڈ کے معروف فلم ساز سورج برجاتیا ایک بار پھر خاندانی اور رومانوی فلم کے ساتھ سنیما گھروں میں واپس آگئے ہیں۔ ان کی نئی فلم ’یہ پریم مول لیا‘ میں آیوشمان کھرانہ اور شرواری مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ 27 نومبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم کو ابتدائی جائزوں میں مجموعی طور پر مثبت ردعمل ملا ہے۔ ناظرین نے فلم کی سادگی اور جذباتی کہانی کے ساتھ اس کی موسیقی اور فنکاروں کی اداکاری کو بھی سراہا ہے۔
سورج برجاتیا اپنی فلموں میں خاندانی رشتوں اور ہندوستانی روایات کی عکاسی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس بار بھی انہوں نے اسی انداز کو برقرار رکھا ہے۔ تاہم فلم کی کہانی میں ایک اہم سماجی پہلو کو بھی جگہ دی گئی ہے جو روایتی خاندانی تصورات اور شادی کے بعد عورت اور مرد کی ذمہ داریوں سے متعلق ہے۔فلم میں آیوشمان کھرانہ نے پریم کا کردار ادا کیا ہے جبکہ شرواری پوروا کے کردار میں نظر آتی ہیں۔ کہانی ایک ایسے نوجوان جوڑے کے گرد گھومتی ہے جس کی شادی کے بعد شوہر اپنے خاندان کے ساتھ بیوی کے گھر منتقل ہوجاتا ہے۔ یہ فیصلہ روایتی خاندانی نظام میں ایک نئی صورت حال پیدا کرتا ہے اور دونوں خاندانوں کے درمیان مختلف معاملات پر اختلافات سامنے آتے ہیں۔فلم اس روایتی تصور پر سوال اٹھاتی ہے کہ شادی کے بعد ہمیشہ عورت ہی اپنا گھر چھوڑ کر شوہر کے خاندان کے ساتھ کیوں رہے۔ اس کے بجائے شوہر اور اس کا خاندان بیوی کے گھر منتقل ہوکر نئے ماحول میں زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ابتدائی جائزوں میں فلم کے روایتی رومانوی انداز کو خاص طور پر پسند کیا گیا ہے۔ ناظرین نے اسے 1990 کی دہائی کی خاندانی فلموں کی یاد تازہ کرنے والی پیشکش قرار دیا ہے۔ فلم میں جذباتی مناظر اور خاندانی اقدار کے ساتھ موسیقی کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔آیوشمان کھرانہ اور شرواری کی اداکاری کو سراہا گیا ہے۔ ان دونوں کے درمیان اسکرین پر اچھی ہم آہنگی بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ انوپم کھیر اور سپریا پاٹھک سمیت دیگر سینئر فنکاروں کی اداکاری کو بھی پسند کیا گیا ہے۔فلمی تجزیہ کار ترن آدرش نے فلم کو 5 میں سے 4 اسٹار دیے ہیں۔ انہوں نے فلم کی سادگی اور خاندانی اقدار کے ساتھ اس کے جذباتی پہلوؤں کی تعریف کی ہے۔ ان کے مطابق سورج برجاتیا نے اپنی روایتی فلم سازی کے انداز میں مساوات اور رشتوں میں شراکت داری جیسے ترقی پسند موضوعات کو بھی شامل کیا ہے۔
اگرچہ فلم کو ابتدائی طور پر مثبت ردعمل ملا ہے تاہم بعض ناظرین نے اس کے کچھ پہلوؤں پر تنقید بھی کی ہے۔ خاص طور پر مرکزی کرداروں کے درمیان محبت کے رشتے کی تیز رفتار پیش رفت کو غیر فطری قرار دیا گیا ہے۔کچھ ناظرین کا کہنا ہے کہ دونوں کرداروں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور جاننے کے لیے مزید وقت دیا جانا چاہیے تھا۔ اس کے علاوہ فلم کے دوسرے حصے کی طوالت اور بعض مناظر کی سست رفتار پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔
سورج آر برجاتیا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں آیوشمان کھرانہ اور شرواری کے علاوہ انوپم کھیر۔ سیما پہوا۔ سپریا پاٹھک۔ سوانند کرکرے اور سومیا ٹنڈن بھی اہم کرداروں میں نظر آتے ہیں۔فلم کی موسیقی ہیمیش ریشمیا نے ترتیب دی ہے۔ سورج برجاتیا اور ہیمیش ریشمیا کا 12 برس بعد دوبارہ اشتراک بھی اس فلم کی خاص بات ہے۔ دونوں اس سے پہلے 2015 کی فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ میں ساتھ کام کرچکے ہیں۔راج شری پروڈکشنز اور مہاویر جین فلمز کے بینر تلے تیار ہونے والی ’یہ پریم مول لیا‘ کو ابتدائی جائزوں میں ایک جذباتی اور خاندانی تفریحی فلم قرار دیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی میں روایتی خاندانی اقدار کے ساتھ بدلتے معاشرتی تصورات کو جگہ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔