اے آر رحمان نے ’رامائن‘ کے لیے 10 سے 12 فلموں کی پیشکش ٹھکرائی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2026
اے آر رحمان نے ’رامائن‘ کے لیے 10 سے 12 فلموں کی پیشکش ٹھکرائی
اے آر رحمان نے ’رامائن‘ کے لیے 10 سے 12 فلموں کی پیشکش ٹھکرائی

 



نئی دہلی:آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم ’رامائن‘ کی موسیقی پر پوری توجہ مرکوز کرنے کے لیے 10 سے 12 فلموں کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ انہوں نے اس فلم کی موسیقی تیار کرنے میں تقریباً 3 سال صرف کیے ہیں۔

اے آر رحمان نے یہ بات گوا میں منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کے دوران ایک پریس کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کی موسیقی اور اس کے مختلف موضوعات پر طویل عرصے سے کام جاری تھا۔ بعض دھنوں کو حتمی شکل دینے سے پہلے 12 سے 13 مرتبہ تبدیل کیا گیا۔

رحمان نے خاص طور پر ’راون تانڈو‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی موسیقی کے 12 سے 13 مختلف ورژن تیار کیے گئے تھے۔ آخرکار ایک ایسا ورژن منتخب کیا گیا جسے پوری ٹیم نے پسند کیا۔انہوں نے کہا کہ ’رامائن‘ کے لیے کام کرنے کا تجربہ بہت خوبصورت رہا۔ اس فلم کی خاطر انہوں نے تقریباً 10 سے 12 فلمیں چھوڑ دیں تاکہ پوری طرح اسی پروجیکٹ پر توجہ دے سکیں۔ کئی بڑے فلم سازوں کی فلمیں بھی انہیں چھوڑنی پڑیں اور انہیں اپنے اس فیصلے پر فخر ہے۔

روایتی اور جدید موسیقی کا امتزاج

اے آر رحمان نے روایتی ہندوستانی موسیقی اور جدید عالمی موسیقی کے امتزاج پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں طرز کی موسیقی کو یکجا کرنا بعض اوقات مشکل ہوتا ہے لیکن انہیں اس تجربے میں دلچسپی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ صرف ایسے پروجیکٹس قبول کرتے ہیں جن سے انہیں تخلیقی وابستگی محسوس ہو اور جن پر کام کرنے سے ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کو نئی توانائی ملے۔ ان کے مطابق جب وہ کسی پروجیکٹ کو پسند کرتے ہیں تو ان کی پوری ٹیم بھی اس کے لیے پرجوش ہوجاتی ہے۔ہنس زیمر کے ساتھ موسیقی کی تیاری

فلم ’رامائن‘ کی موسیقی اے آر رحمان نے معروف جرمن موسیقار ہنس زیمر کے ساتھ مل کر تیار کی ہے۔ نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس دو حصوں پر مشتمل فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام۔ سائی پلوی سیتا۔ یش راون اور روی دوبے لکشمن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم کے موسیقی البم میں ’جے جے رام‘ اور ’راون تانڈو‘ سمیت کئی گانے شامل ہیں۔ ان میں اریجیت سنگھ۔ شریا گھوشال اور وشال دادلانی جیسے گلوکاروں نے اپنی آواز دی ہے۔فلم کی موسیقی کو لے کر سامعین کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض گانوں کو پسند کیا گیا ہے جبکہ کچھ موسیقی پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی ہوئی ہے۔