آواز دی وائس / ممبئی
بالی ووڈ کے معروف موسیقاراے آر رحمان کو 43 ویں قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (سی آئی ایف ایف) میں موسیقی کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
انہوں نے ہندی، ملیالم،تمل اور تیلگو فلموں میں اپنی موسیقی کے جوہر دکھائے ہیں۔
اے آررحمانی کی عمر54 برس ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو فلم فیسٹیول میں اعزاز ملنے کی خبر انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔ خیال رہے کہ اے آر رحمان اب تک چھ نیشنل، دو اکیڈمی، دو گریمی، ایک گولڈن گلوب ایوارڈ اور ایک بیفٹا ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈز جیت چکے ہیں۔
سن2010 میں حکومت ہند نے انہیں ملک کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا ہے۔ رحمان کے فلمی کیریئر کا آغاز منی رتنم کی تمل فلم روزہ سے ہوا۔
اس کے بعد انہوں نے تمل اور تیلگو زبان کی فلموں کے لیے متعدد نغمے گائے۔ بعد ازاں انہوں نے رام گوپال ورما کی رنگیلا (1995) سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس کے بعد انہوں نے گرو، راک اسٹار، دل سے، روزہ، لگان، رانجھنا اور سلم ڈاگ ملینئر وغیرہ کے لیے کامیاب نغمے گائے۔
رحمان 2009 میں دو اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے پہلے ہندوستانی بھی بن چکے ہیں
خیال رہے کہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ کا سب سے قدیم فلمی میلہ سی آئی ایف ایف(CIFF)26 نومبر2021 کو شروع ہوا تھا اور یہ 5 دسمبر2021 تک جاری رہے گا۔