اداکار رشی کپور کی آخری فلم کا پریمیئر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
اداکار رشی کپور کی آخری فلم کا پریمیئر
اداکار رشی کپور کی آخری فلم کا پریمیئر

 

 

ممبئی: ’شرماجی نمکین‘ نامی فلم کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر پیش کیا جا رہا ہے اور فلمساز اس کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کر رہے ہیں۔

بالی وڈ لیجنڈ سمجھے جانے والے اداکار رشی کپور 30 اپریل 2020 کو انتقال کر گئے تھے۔ 70 کی دہائی کے آغاز میں فلموں میں آنے والے رشی کپور انڈسٹری سے مسلسل جڑے رہے اور اس دوران انہوں نے بے شمار سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔

رشی کپور کا آخری کام پیش کرنے سے قبل پروڈیوسر فرحان اختر نے دیگر اہم فلمی شخصیات کے ہمراہ اداکار کو خراج تحسین پیش کیا۔ فرحان اختر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، کرینہ کپور، عامر خان، ارجن کپور، وکی کوشل سمیت دیگر افراد دیکھے جا سکتے ہیں۔

ویڈیومیں مشہور گانے ’اوم شانتی اوم‘ میں رشی کپور کی اداکاری سے شروع ہوتی ہے، جو ان کی فلم ’قرض‘ میں شامل تھا۔ ویڈیو میں اس کے بعد رنبیر کپور اور دیگر فلمی شخصیات سلور رنگ کی جیکٹس پہنے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیو کے اخیر میں اسکرین پر یہ الفاظ ابھرتے ہیں ’لیجنڈز ہمیشہ کے لیے ہوتے ہیں۔‘ فرحان اختر کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں رنبیر کپور سمیت دیگر فلمی شخصیات دکھائی دیتی ہیں۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فرحان اختر نے لکھا ’دیکھیے ایک یادگار اداکار اور سکرین کی ایک ناقابل فراموش شخصیت کو‘ فلم شرماجی نمکین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ پہلی بار ہے کہ ایک کردار کو دو اداکار نبھا رہے ہیں۔‘

فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی رشی کپور 30 اپریل 2020 کو کینسر کی وجہ سے انتقال کر گئے۔

فلم کی کہانی ایک ایسے ریٹائرڈ آدمی کے گرد گھومتی ہے جس کو کھانا بنانے کا شوق ہے اور ان کے بیٹے ان کے اس کام کو پسند نہیں کرتے۔ (ایجنسی)