اے ایم یو:وائس چانسلر نے کیا سرجری سیمینار ہال کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-09-2021
وائس چانسلر کے بدست جدید سرجری سیمینار ہال کا افتتاح
وائس چانسلر کے بدست جدید سرجری سیمینار ہال کا افتتاح

 


علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کے سرجری شعبہ میں ملٹی میڈیا سہولیات سے لیس سو سیٹوں والے جدید ترین سرجری سیمینار ہال کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا، ”مجھے یقین ہے کہ جدید ٹکنالوجی سے لیس نیا کثیر مقصدی ہال تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مددگار ہو گا اور طبی تحقیق میں بین الاقوامی تعاون کو آسان بنائے گا“۔

پروفیسر منصور نے کہا ”سرجری طب کی ان شاخوں میں سے ایک ہے جس میں اچھی سہولیات، بنیادی ڈھانچہ اور مہارت کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ حال ہی میں جاری شدہ این آئی آر ایف کی رینکنگ میں جے این ایم سی پندرہویں نمبر پر ہے۔ ہمارے ڈینٹل کالج نے بھی اس رینکنگ میں ممتاز اداروں کی فہرست میں جگہ حاصل کی ہے۔ اگر ہم نئے ایم سی ایچ/ ڈی ایم کورسز شروع کریں گے تو میڈیکل میں ہماری رینکنگ مزید بہتر ہوگی“۔

انھوں نے کہا کہ بہتر رینکنگ نہ صرف جے این ایم سی میں اعلیٰ تعلیمی معیار کی عکاسی کرتی ہے، بلکہ میڈیکل کالج اسپتال میں کمزور طبقات کے لوگوں کے لئے دستیاب صحت سہولیات کے معیار کا بھی ثبوت ہے“۔

وائس چانسلر نے اس موقع پر نئے تعمیر شدہ سرجری میوزیم کا بھی معائنہ کیا۔ پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے سیمینار ہال کی بر وقت تزئین کاری میں پروفیسر سید امجد علی رضوی (چیئرمین، سرجری شعبہ) اور ڈاکٹر محمد واصف علی کی کا وشوں کا ذکر کیا۔

پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جے این ایم سی) نے کہا کہ جدید ترین ہائی ٹیک سرجری سیمینار ہال کا تصور وائس چانسلر نے پیش کیا جس کی اشد ضرورت تھی۔

خطبہ استقبالیہ میں پروفیسر افضال انیس (کارگزار چیئرمین، شعبہ سرجری) نے جدید سرجری سیمینار ہال کی خصوصیات کا ذکر کیا۔ پروفیسر سید امجد علی رضوی نے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے سیمینار ہال کی جدید کاری میں مطلوبہ تعاون فراہم کرنے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور جے این ایم سی کے مختلف شعبوں کے سبھی اساتذہ، طلبہ اور محققین پر اس سہولت کا بہتر فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔ پروفیسر فرید مہدی (ممبر انچارج، بلڈنگ ڈپارٹمنٹ)، پروفیسر محمد ریحان (ممبر انچارج، بجلی شعبہ)، راجیو شرما (یونیورسٹی انجینئر)، جے این ایم سی کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی۔