اردو والوں کے وفد کی وزیر تعلیم بہارسے ملاقات

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اردو والوں کے وفد کی وزیر تعلیم بہارسے ملاقات
اردو والوں کے وفد کی وزیر تعلیم بہارسے ملاقات

 

 

پٹنہ:اردو زبان کی ترقی اور اردو کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے بہار کے وزیر تعلیم وجئے چودھری نے کہا کہ اردوزبان ، اردو اساتذہ اور اردو ٹی آی ٹی امیدواروں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ یہ یقین دہانی انہوں نے اردو کارواں کے ایک نمائندہ وفد کو آج یہاں دلائی۔

اردو کارواں کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر تعلیم نے عرضداشت پر سنجیدگی غور کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان تمام مسائلِ سے متعلق کاغذات دستاویزات اور سرکاری نوٹی فیکیشن اور سرکلر کو دیکھیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اردو زبان اردو اساتذہ اور اردو ٹی ای ٹی امیدواروں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے وفد کے اراکین کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے تک اردو سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے گفتگو کے دوران بار بار یہ بات کہی کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کام پر یقین رکھتے ہیں اردو اور اقلیتوں کے مسائل کے سلسلے میں سنجیدہ ہیں اور سماج کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر ریاست کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزیر تعلیم نے دوران گفتگوامیر شریعت مولانا سید محمد ولی رحمانی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ با شعور ملی رہنما تھے۔ ان میں ملک وقوم کا سچا درد تھا۔ ہم سب مل کر ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔

وزیر تیم نے یقین دلایا کہ امیر شریعت نے وقتاً فوقتاً اردو کے جن مسائل کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرائی ہے ان تمام مسائل کو حکومت حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ ان میں اردو مشاورتی کمیٹی بہار اردو اکادمی اور گورنمنٹ اردو لائبریری کی مجلسِ عاملہ کی تشکیل نو کا معاملہ بھی شامل ہے۔

اردو کاررواں کے ایک وفد نے آ ج سکریٹریٹ وزیر تعلیم وجئے کمار چودھری سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور انہیں اردو کے مسائل کے سلسلے میں ایک عرضداشت پیش کی۔ عرضداشت میں وزیر تعلیم سے اردو کی لازمیت ختم کرنے اور اسے اختیاری مضمون کے زمرے میں ڈالنے والے سرکلر نمبر 799مورخہ15مئی2020 کو واپس لینے اردو کو لازمی مضمون کی حیثیت سے برقرار رکھنے ہر اسکول میں ایک اردو ٹیچر کا لازمی طور پر تقرر کرنے اور اردو ٹی ای ٹی امیدواروں کو ہندی ٹی آی ٹی امیدواروں کی طرح ہی گریس مارکس دے کر ان کا رزلٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

وفد نے امید ظاہر کی کہ وزیر تعلیم ان اہم مسائلِ پر توجہ دے کر انہیں حل کر ے کے لئے جلد ضروری اقدامات کریں گے۔

وفد میں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی اردو کارواں کے نائب صدور مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی، بہار اردو اکیڈمی سابق سکریٹری مشتاق احمد نوری اور پروفیسر صفدر امام قادری جنرل سکریٹری ڈاکٹر ریحان غنی اور سکریٹری ڈاکٹر انوارالہدی شامل تھے- (ایجنسی ان پٹ )