یوپی:یکم اکتوبر سےمدرسوں میں نیانظام الاوقات اور نیا نصاب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
یوپی:یکم اکتوبر سےمدرسوں میں نیانظام الاوقات اور نیا نصاب
یوپی:یکم اکتوبر سےمدرسوں میں نیانظام الاوقات اور نیا نصاب

 

 

لکھنؤ: اترپردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے صدر افتخار احمد جاوید نے ریاستی حکومت سے منسلک تمام مدارس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ طلبہ کے لیے چھ گھنٹے کی تعلیم کو یقینی بنائیں، تاکہ انھیں دوسرے اسکولوں کی سطح پر لایا جاسکے۔ یہ حکم یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔

نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق طلباء مدارس میں صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کلاسز میں شرکت کریں گے جو کہ ایک گھنٹہ زیادہ ہے۔ اساتذہ اور عملہ بھی کم از کم چھ گھنٹے ڈیوٹی پر رہے گا۔ جاوید نے کہا، "مدرسہ کے طالب علم کو معاشرے میں آگے بڑھتے ہوئے احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

اسے مذہبی مضامین کے ساتھ ساتھ ریاضی، سائنس، انگریزی اور ہندی کا بھی اچھا علم ہونا چاہیے۔ ہم ایسے مثالی طلبہ کو تیار کرنا چاہتے ہیں۔ جو ملک کی ترقی میں اپنا یوگدان دے سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مدارس دوسرے اچھے اسکولوں کے معیار کے برابر ہوں، تاکہ دوسرے بھی اپنے بچوں کی معیاری تعلیم کے لیے مدارس میں فخر سے داخلہ لے سکیں، ہمیں سب سے پہلے مدارس کی تعلیم کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عربی، فارسی، دینیات اور اردو جیسے مذہبی مضامین کے ساتھ روزانہ سائنس، ریاضی، انگریزی اور ہندی کی کلاسیں منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا، حکومت بھی چاہتی ہے کہ اساتذہ نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق کام کریں۔ دن کا آغاز صبح 9 بجے دعا سے ہوگا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا جائے گا۔

اس کے بعد کلاسز دوپہر تک جاری رہیں گی۔ طلباء اور عملہ کے لیے دوپہر کا کھانا دوپہر 12 بجے سے 12.30 بجے تک ہوگا۔ اس کے بعد دوپہر 3 بجے تک کلاسز ہوں گی، تمام مدارس کو اس پروگرام پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔