علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ایس ٹی ایس اسکول میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں تعلیمی، ادبی، ثقافتی، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔
دسویں جماعت اے-5 کے منیش سنگھ دھنگر نے اسکول کے کوئز مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ محمد راشد اور شوریہ چوہان مشترکہ طور پر دوسرے اور طلحہ منہاج تیسرے مقام پر رہے۔ کوئز کا انعقاد مس رمیشہ نواز نے کیا۔
نویں جماعت اے-2 کے محمد احتشام علی نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کے شعبہ پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری کے زیر اہتمام نعرہ نویسی مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام ’’صحت مند ضعیفی کے لیے یوگا‘‘ کے موضوع پر پوسٹر پریزنٹیشن مقابلے میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کی رہنمائی مسٹر محمد شاکر اور مسز محسنہ رحمان نے کی۔
نویں جماعت اے-1 کے ابو ہریرہ نے البرکات پبلک اسکول میں منعقدہ سیرت النبیؐ تقریبات کے دوران قرأت کے سینئر گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کی رہنمائی مسٹر محمد عرفان نے کی۔
اسی جماعت کے جاویر خان کو آئی آئی ٹی بمبئی کے ٹیک فیسٹ میں کالج ایمبیسیڈر کی حیثیت سے شرکت اور علی گڑھ خطے میں 16 ہزار سے کم رینک حاصل کرنے پر توصیفی سند دی گئی۔ جنید خان کو ریفے ایم فائیبر کے زیر اہتمام مکمل طور پر اسپانسرڈ رہائشی سمر کیمپ میں شرکت پر بھی سندِ توصیف سے نوازا گیا، جہاں ان کی ٹیم نے ڈرون ٹیکنالوجی اور تھری ڈی امیج ڈیزائن سے متعلق ایک پروجیکٹ پر کام کیا۔
بارہویں جماعت ہیومینٹیز کے محمد شفیق خان کو ’’سنسد یوتھ پارلیمنٹ 2026‘‘ میں نمایاں کارکردگی پر سند اور تمغہ دیا گیا۔ ان کی رہنمائی مسٹر نورالزماں ارشد نے کی۔
ایس ٹی ایس اسکول کی ٹیم نے کرشنا انٹرنیشنل اسکول، علی گڑھ میں منعقدہ ’’مرنالنی: سالانہ انٹر اسکول پرفارمنگ آرٹس ایونٹ-2026‘‘ کے انگریزی ادب کے مزاحیہ زمرے میں پہلی رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم کی رہنمائی مسٹر ملک محمد ارشد، محترمہ سیدہ فاطمہ ہاشمی اور مسٹر مدثر علی رضوی نے کی۔
اسکول کے پرنسپل فیصل نفیس نے کامیاب طلبہ کو اعزازات پیش کیے اور ان کی محنت، لگن اور ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مقابلوں میں شرکت سے طلبہ میں خود اعتمادی، تخلیقی صلاحیت، قیادت اور صحت مند مسابقت کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔
تقریب کے انعقاد میں ڈاکٹر محمد عالمگیر، نائب پرنسپل محترمہ غزالہ تنویر، محمد عدنان، محمد عاصم اور فرحان حبیب نے تعاون کیا، جبکہ محترمہ نسرین فاطمہ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
دریں اثنا، دسویں جماعت کے طالب علم جنید علی کا ریاستی سطح کے انڈر-16 ایتھلیٹکس مقابلے کے لیے انتخاب بھی اسکول کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا گیا۔ پرنسپل فیصل نفیس نے انہیں یادگاری تمغہ پیش کرکے حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور تعلیم ایک دوسرے کے معاون ہیں اور طلبہ کو دونوں شعبوں میں متوازن ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔
اس موقع پر کھیلوں کے اساتذہ محمد عدنان خان، محمد عاصم اور وسیم خان کی رہنمائی اور تربیتی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ اسکول انتظامیہ اور طلبہ نے جنید علی کو ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔