فرمانبرداری اور سخاوت سلمان خان کی دو خوبیاں ۔جنت کا راستہ ہیں :مولانا طارق جمیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2021
سلمان خان کی تعریف
سلمان خان کی تعریف

 

 

 منصور الدین فریدی :نئی دہلی

سلمان خان والدین کے فرمانبردار ہیں ۔ سلمان خان بہت سخی ہیں ۔ یہ دو خوبیاں جنت کا راستہ ہیں۔ میں اب سلمان خان کا ’فین‘ ہوں ۔

یہ ہے پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کے الفاظ ۔ جوانہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں ادا کئے ہیں ۔ بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کے نام ایک مختصر تعریفی ویڈیومیں انہوں نے سلیم خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں نے سلمان خان کے بارے میں جو کچھ سنا اس کے بعد میں ان کا مداح بن گیا ہوں۔والدین کی فرمانبرداری جنت کا راستہ ہےاور سخی ہونا اللہ کو راضی کرتا ہے۔خواہ آپ عبادت میں کمزور کیں نہ ہوں۔آپ صرف عید کی نماز کیوں نہ پڑھتے ہوں ۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ سلمان خان کے اچھے کاموں کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

 سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو چار منٹ کی ہے، جس میں انہیں سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔یہ واضح نہیں کہ مولانا طارق جمیل کی جانب سے بالی وڈ دبنگ ہیرو کو عید کی دی جانے والی مبارک باد گزشتہ ہفتے ہونے والی عید الفطر کی ہے یا اس سے قبل کسی عید کی ہے؟

  ویڈیو تین دن قبل ایک ہندوستانی عبدالرزاق پٹھان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سمیت ان کی جانب سے چلائے جانے والے دوسرے سوشل میڈیا پیجز پر اپ لوڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد مذکورہ ویڈیو کو متعدد دیگر ہندوستان اور پاکستان کے سوشل میڈیا پیجز پر بھی شیئر کیا گیا۔

awazurdu

سلمان خان اپنے والد سلیم خان کے ساتھ

 سلیم خان کو سلام سے ہوا آغاز

 اس ویڈیونے سوشل میڈیا پر ہلچل پیدا کردی ہے۔ اس ویڈیو میں مولانا طارق جمیل نے ’خان خاندان‘کے سب بیٹوں کے نام لئے اور کہا کہ آپ سب قابل ستائش ہیں۔ چار منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو کا آغاز مولانا طارق جمیل کی جانب سے سلمان خان کے والد سلیم خان کو سلام کہنے سے ہوتا ہے۔ ویڈیو میں مولانا طارق جمیل سلیم خان کو سلام کہنے کے بعد ان کے تینوں معروف اداکار بیٹوں سلمان خان، ارباز خان اور سہیل خان کا نام لیتے ہیں اور انہیں خوش نصیب قرار دیتے ہیں۔

 شیعب اخترنے بتایا سلمان کے بارے میں

 اس کے بعد مذہبی اسکالر بتاتے ہیں کہ انہیں پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے سلمان خان کے حوالے سے دو باتیں بتائیں کہ وہ والدین کے فرمانبردار اور بہت سخی شخص ہیں۔جبکہ یہ جنت کا راستہ ہے ۔

ویڈیو میں مولانا طارق جمیل دبنگ ہیرو کے والد سلیم خان کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں سلمان خان جیسا فرمانبردار بیٹا ملا ہے۔

 ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کہتے ہیں کہ سلمان خان اتنی بڑی شخصیت ہونے کے باوجود والدین کے نوکر بن کر زندگی گزارتے ہیں۔انہیں جب سے شعیب اختر نے سلمان خان کے حوالے سے دو باتیں بتائیں ہیں وہ تب سے دبنگ ہیرو کے بہت بڑے مداح بن چکے ہیں۔ مولانا طارق جمیل نے مزید کہا کہ انہیں شعیب اختر نے بتایا تھا کہ سلمان خان والدین کے بہت بڑے فرمانبردار ہیں اور والدین کے آگے کھڑے رہتے ہیں، جیسے والدین کہتے ہیں وہ ویسا ہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی فرمانبرداری کرنا جنت کا راستہ ہے، ایسے افراد کے لئے جنت ہے اور یہ کہ آپ اعلیٰ پائے کے مسلمان ہیں۔ ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ شعیب اختر نے انہیں دوسری بات یہ بتائی کہ سلمان خان بہت بڑے سخی ہیں اور 'سخی سے خدا محبت کرتے ہیں'۔

awazurdu

انسانی خدمت کی مثال ہیں سلمان خان

میں گواہی دیتا ہوں اللہ آپ سے محبت کرتا ہے

 ویڈیو میں مذہبی اسکالر نے حضرت محمد ﷺ کا حوالہ دیا کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ سخی سے خدا بہت پیار کرتے ہیں، چاہے وہ عبادت میں کمزور ہی کیوں نہ ہو اور چاہے وہ صرف عید کی ایک نماز ہی کیوں نہ ادا کرتے ہوں۔مولانا طارق جمیل نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بخیل شخص سے خدا کو کوئی محبت نہیں، چاہے وہ سارا دن نفل پڑھے اور عبادتیں کرے۔مذہبی اسکالر نے اس موقع پر سخی اور بخیل شخص کی بات کو سمجھانے کے لئے سامری بادشاہ کا قصہ بھی سنایا۔

 ویڈیو کے آخر میں مولانا طارق جمیل بولی وڈ دبنگ ہیرو کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ ان کی جانب سے والدین کی فرمانبرداری اور ان کی سخاوت نے مذہبی اسکالر کو ان کا مداح بنا دیا۔

 ویڈیو کے اختتام پر مولانا طارق جمیل نے کورونا کی وبا پر بات کی، جس میں وہ بتاتے ہیں کہ وہ بھی بیماری میں مبتلا ہوگئے تھے مگر خدا نے ان کی زندگی لکھی تھی، اس لئے بچ گئے۔

 ویڈیو میں مولانا طارق جمیل نے یہ بتایا کہ خدا کا فرمان ہے کہ وبا والے مریض سے ایک نیزے کا فاصلہ رکھا جائے اور ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو میں پیغام دیا کہ کورونا سے بچنے کے لئے 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں یہ خطرناک بیماری ہے۔ مولانا طارق جمیل کی مذکورہ ویڈیو پر تاحال سلمان خان یا ان کے اہل خانہ کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔