پروفیسرمینن کو بعد از مرگ پدم بھوشن : اے ایم یو برادری مسرور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2021
پروفیسرمینن کو بعد از مرگ پدم بھوشن : اے ایم یو برادری مسرور
پروفیسرمینن کو بعد از مرگ پدم بھوشن : اے ایم یو برادری مسرور

 

 

علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق استاد اور ہندوستان میں جدید قانونی تعلیم کے سرخیل پروفیسر این آر مادھو مینن کو بعد از مرگ پدم بھوشن دئے جانے پر اے ایم یو برادری سے مسرت کا اظہار کیا۔ پروفیسر مینن کی بیوہ محترمہ ریما دیوی نے صدر جمہوریہ ہند شری رام ناتھ کووند کے بدست یہ اعزاز قبول کیا۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”اے ایم یو برادری کے لئے یہ مسرت و اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے سابق استاد و طالب علم کو ملک کے باوقار شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا۔ پروفیسر مینن اے ایم یو کے نہ صرف ایک ممتاز پروفیسر تھے جنھوں نے قانون کی تعلیم کو نئی جہت عطا کی بلکہ ملک میں قانون کے جدید تعلیمی نظام کے بانی تھے۔

انھوں نے ہی پانچ سالہ مربوط ایل ایل بی پروگرام کا تصور پیش کیا تھا“۔ وائس چانسلر نے مزید کہا ”پروفیسر مینن ایک عظیم ماہر تعلیم اور اسکالر تھے جو نیشنل لاء اسکول آف انڈیا یونیورسٹی اور نیشنل جوڈیشیل اکیڈمی بھوپال کے بانی ڈائرکٹر تھے۔

اس کے علاوہ وہ ویسٹ بنگال نیشنل یونیورسٹی آف جیوریڈیکل سائنسز کے بانی وائس چانسلر اور کچھ عرصہ تک انڈین اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین بھی رہے“۔ پروفیسر مینن نے اے ایم یو سے ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی کی تھی اور 1960 میں یہاں تدریسی خدمات سے وابستہ ہوئے۔ انھوں نے دہلی یونیورسٹی میں بھی تدریسی خدمات انجام دیں۔ قانون کی تعلیم، پیشہ، قانونی امداد، جوڈیشیل ٹریننگ اور انصاف کی عمل آوری پر انھوں نے ایک درجن سے زائد کتابیں لکھیں۔ 2003 میں انھیں پدم شری سے نوازا گیا۔ پروفیسر مینن کا انتقال 8/مئی 2019 کو ہوا۔