فیضان خان / آگرہ
آگرہ کی فیشن ڈیزائنر نشاط مرزا خواتین کو خود کفیل بنانے کی مہم میں سرگرداں ہیں۔ لاک ڈاؤن میں نشاط مرزا نے گھر بیٹھے لڑکیوں اور خواتین کو فیشن ڈیزائننگ کے مفت کورسز کرانا شروع کیا اور خدمات خلق کی اس چھوٹی سی کوشش کو اپنی مہم میں تبدیل کر دیا ۔
لاک ڈاؤن سے لے کر اب تک وہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک کے 4500 سے زیادہ لڑکیوں اور خواتین کو فیشن ڈیزائننگ کا سرٹیفکیٹ دے چکی ہیں۔ آج ، ان میں سے بہت سی لڑکیوں نے اپنے اپنے بوٹیک بھی کھول لئے ہیں اور گھر کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اپنے پیروں پر کھڑی ہیں۔
ہندوستان کے علاوہ فیشن ڈیزائنر نشاط مرزا نے اٹلی ، نیوزی لینڈ ، متحدہ عرب امارات ، پاکستان ، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی لڑکیوں کو فیشن ڈیزائننگ کے کورسز کرائے ہیں۔
عید کانٹیسٹ بھی کرچکی ہیں نشاط
آپ نے فیشن کے بہت سارے مقابلے سنے ہوں گے ، لیکن نشاط مرزا نے لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے عید کانٹیسٹ بھی کروائے ہیں۔ انہوں نے اسے بھی آن لائن منعقد کیا تھا ۔
عید کانٹیسٹ کی فاتحین
پچھلی بار عید کانٹیسٹ کی فاتح سہارن پور کی روبی صدیقی تھیں۔ آسام کی عطیہ نے دوسری اور دہلی کی عدیبہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
آن لائن سرٹیفکیٹ
پینتالیس دن کا کورس مکمل کرنے کے بعد نشاط مرزا سب کو آن لائن سرٹیفکیٹ بھی دیتی ہیں۔
ہولی کانٹیسٹ بھی کرایا جائے گا
نشاط مرزا نے کہا کہ اب وہ ہولی کانٹیسٹ بھی کرائیں گی ۔ اس میں تمام لڑکیوں کے درمیان آپس میں مقابلہ کرایا جائے گا ۔ سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے جائیں گے تاکہ ان میں بھی کام کرنے کا جنون بھی قائم رہے ۔
دہلی کی عدیبہ نے بھی اپنا ایک بوٹیک کھول لیا ہے۔ نشاط مرزا نے کہا کہ عدیبہ اپنا کام بہتر طریقے سے انجام دے رہی ہیں۔ اب ان کا کام کافی اچھا جا رہا ہے۔ آمدنی میں بھی بہتری آئی ہے۔
ڈیڑھ سے دو لاکھ خرچ والا کورس مفت میں دے رہی ہیں نشاط
فیشن ڈیزائنر نشاط مرزا کا کہنا ہے کہ یہ لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کیا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ لاک ڈاؤن میں ذہن میں آیا لہذا عملی جامہ پہنا دیا گیا۔ اس کورس کرنے میں ڈیڑھ سے ڈھائی لاکھ روپے لاگت آتی ہے ، لیکن میں نے اسے مفت رکھا تاکہ غریب لڑکیاں بھی بہتر طریقے سے کورس کر سکیں اور اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔