نئی دہلی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ قانون کے 2023 بیچ کے سابق طالب علم اسامہ نور کو برطانیہ کی حکومت کی باوقار شیوننگ اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے۔ اسامہ نور نے لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس میں ماسٹر آف لاز کی تعلیم شروع کردی ہے۔مکمل مالی معاونت فراہم کرنے والی شیوننگ اسکالرشپ برطانوی حکومت کا معروف بین الاقوامی اسکالرشپ پروگرام ہے۔ اس کا مقصد دنیا بھر سے ابھرنے والی باصلاحیت شخصیات کو برطانیہ میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایل ایس ای میں داخلہ لینے سے قبل اسامہ نور نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں دو سال تک لا کلرک کم ریسرچ ایسوسی ایٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔لندن روانگی سے قبل اسامہ نور نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ قانون کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام یزدانی سے ملاقات کی۔ پروفیسر یزدانی نے انہیں شیوننگ اسکالرشپ حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور ان کے عزم اور محنت کو سراہا۔ انہوں نے جامعہ میں طالب علمی کے دوران نور کی باقاعدہ حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں میں ان کی دلچسپی کو بھی یاد کیا۔
جامعہ میں اپنے طالب علمی کے دور کو یاد کرتے ہوئے اسامہ نور نے کہا کہ جامعہ نے انہیں ایسا محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جہاں وہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل کی سمت متعین کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے فیکلٹی آف لا اور اپنے اساتذہ کا رہنمائی اور سرپرستی کے لیے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن اسکول آف اکنامکس میں اپنے سفر کے نئے باب کا آغاز کرنے سے قبل فیکلٹی میں دوبارہ آنا ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر پروفیسر غلام یزدانی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف اور مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کی مسلسل حمایت اور رہنمائی کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی قیادت کی کوششوں سے ایسا تعلیمی ماحول فروغ پا رہا ہے جو طلبہ میں علمی فضیلت اور عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے عزائم کو تقویت دیتا ہے۔
پروفیسر یزدانی نے کہا کہ فیکلٹی آف لا کو اس بات پر فخر ہے کہ اس کے فارغ التحصیل طلبہ دنیا کی ممتاز جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسامہ نور فیکلٹی آف لا سے شیوننگ اسکالرشپ حاصل کرنے والے چوتھے طالب علم ہیں۔ان سے قبل ادریس محمد۔ نبیلہ جمیل اور آفرین قاضی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ اسامہ نور مسلسل تین برسوں میں شیوننگ اسکالرشپ حاصل کرنے والے فیکلٹی کے تیسرے طالب علم بھی ہیں۔
پروفیسر یزدانی نے کہا کہ یہ کامیابی فیکلٹی آف لا کے متحرک اور معیاری تعلیمی ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسامہ نور کی کامیابی جامعہ کے موجودہ طلبہ اور نوجوان وکلا کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گی اور انہیں دنیا کی معروف جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
انہوں نے لندن اسکول آف اکنامکس میں اسامہ نور کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔