جامعہ ملیہ:ڈاکٹر پوجا پاسوان نے ویٹیکن میں پوپ لیو چہاردہم کو اپنی کتاب پیش کی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2026
جامعہ ملیہ:ڈاکٹر پوجا پاسوان نے ویٹیکن میں پوپ لیو چہاردہم کو اپنی کتاب پیش کی
جامعہ ملیہ:ڈاکٹر پوجا پاسوان نے ویٹیکن میں پوپ لیو چہاردہم کو اپنی کتاب پیش کی

 



نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ سیاسیات کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز میں پبلک ایڈمنسٹریشن کی ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ ڈین طلبہ بہبود ڈاکٹر پوجا پسوان نے 24 سے 27 اگست 2026 تک اٹلی کی ساپینزا یونیورسٹی روم میں منعقد ہونے والی یورپی گروپ فار پبلک ایڈمنسٹریشن کی 51ویں سالانہ کانفرنس ای جی پی اے 2026 میں جامعہ کی نمائندگی کی۔بین الاقوامی سطح کی اس اہم کانفرنس کا انعقاد انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز اور ساپینزا یونیورسٹی روم کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ اس میں دنیا کے مختلف حصوں سے معروف ماہرین تعلیم اور انتظامی امور کے ماہرین کے علاوہ عوامی انتظامیہ کے شعبے سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کا موضوع ’’عوامی بھلائی کے لیے عوامی حکمرانی: عالمی برادری کی خدمت میں انسانی ذہانت‘‘ تھا۔

ڈاکٹر پوجا پسوان نے کانفرنس کے مستقل مطالعاتی گروپ 1 یعنی ای گورنمنٹ اور عوامی انتظامیہ کے لیے مصنوعی ذہانت کے تحت اپنا تحقیقی مقالہ ’’الگورتھم پر مبنی انصاف کی حکمرانی: مصنوعی ذہانت اور نیائے نظریے کے ذریعے ہندوستان کے ڈیجیٹل شکایات کے ازالے کے نظام کی ازسرنو تشکیل‘‘ پیش کیا۔ان کے تحقیقی مقالے میں عوامی شکایات کے ازالے کے نظام میں مصنوعی ذہانت کے ابھرتے ہوئے کردار کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی فلسفیانہ روایت کے نیائے نظریے کی بنیاد پر ڈیجیٹل حکمرانی کے لیے انصاف پر مرکوز طریقہ کار پیش کیا گیا ہے۔

کانفرنس نے معروف ماہرین تعلیم اور عوامی انتظامیہ کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے ساتھ علمی تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ان شخصیات میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے صدر اور حکومت راجستھان کے چیف سکریٹری شری وی سری نواس آئی اے ایس بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ یورپی جامعات کے سینئر ماہرین تعلیم اور کورین سوسائٹی فار پبلک ایڈمنسٹریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ امریکن سوسائٹی فار پبلک ایڈمنسٹریشن کے سابق صدر نے بھی شرکت کی۔

شرکا میں ساپینزا یونیورسٹی روم کی پروفیسر نومی روسی اور عوامی انتظامیہ و حکمرانی کے شعبے سے وابستہ دیگر ممتاز بین الاقوامی ماہرین بھی شامل تھے۔ پروفیسر روسی ساپینزا یونیورسٹی میں پبلک ایڈمنسٹریشن کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں اور ای جی پی اے 2026 کے انعقاد سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ڈاکٹر پوجا پسوان کے دورہ روم کا ایک اہم پہلو 28 اگست 2026 کو ویٹیکن سٹی کے آولا ڈیلا بینیڈیزیونے میں منعقدہ خصوصی ملاقات اور رسولی برکت کی تقریب میں شرکت تھا۔ اس تقریب کا اہتمام انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز نے کیا تھا۔

اس ملاقات کے دوران ڈاکٹر پوجا پسوان کو پوپ لیو چہاردہم سے ملاقات اور انہیں اپنی تصنیف کردہ کتاب کا ایک نسخہ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ تقریب روم میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز اور ای جی پی اے کے اجلاس سے متعلق خصوصی بین الاقوامی پروگرام کا حصہ تھی۔ای جی پی اے 2026 میں ڈاکٹر پوجا پسوان کی شرکت نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کو مصنوعی ذہانت اور عوامی انتظامیہ کے باہمی تعلقات کے علاوہ ڈیجیٹل حکمرانی جواب دہی اور شہری مرکز انصاف سے متعلق عالمی مباحث میں اپنی علمی وابستگی پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس دورے سے عوامی انتظامیہ اور حکمرانی کے شعبے میں کام کرنے والے معروف بین الاقوامی علمی اور پیشہ ورانہ اداروں کے ساتھ جامعہ کے روابط کو بھی مزید مضبوط بنانے میں مدد ملی۔