اے ایم یو طلبہ کی کووِڈ بیداری ویڈیوکو اول انعام

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2021
اے ایم یو طلبہ کی کووِڈ بیداری ویڈیوکو اول انعام
اے ایم یو طلبہ کی کووِڈ بیداری ویڈیوکو اول انعام

 

 

علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سوشل ورک شعبہ کے طلبہ کی ایک ٹیم کی طرف سے تیار کی گئی ایک ویڈیو کو کووِڈ کے سلسلہ میں بیداری پیدا کرنے کے لئے اترپردیش کی مقامی زبانوں /بولیوں میں علاقائی سطح کے ویڈیو مقابلہ میں اوّل انعام کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو کو سوشل ورک شعبہ کے طلبہ کپل شرما، نجدہ زہرہ، تنوی گوتم، عِلمہ پروین اور انوج شرما نے تیار کیا ہے۔

ملک کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو کی کڑی میں ’اُنّت بھارت ابھیان‘ کے تحت منعقد کئے گئے اس ویڈیو مقابلہ میں آئی آئی ٹی دہلی اور علاقائی کوآرڈنیٹنگ اداروں کے ماہرین بطور جج شامل تھے۔

ویڈیو تیار کرنے والے اے ایم یو کے طلبہ نے کہا ”یہ ویڈیو بیداری پیدا کرنے کی ہماری کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

اس میں کووِڈ ٹیکہ کاری، ہاتھوں کی صفائی، فیس ماسک کے استعمال، ہجوم والی جگہوں سے بچنے اور فاصلہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیمار ہونے کی صورت میں گھر پر رہنے اور معتبر ذرائع سے معلومات کے حصول کی تاکید کی گئی ہے“۔

طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر نسیم احمد خان (چیئرمین، سوشل ورک شعبہ اور نوڈل افسر، اُنّت بھارت ابھیان، اے ایم یو) نے کہا، ”اے ایم یو برادری کو ان طلبہ پر فخر ہے جو عوامی سطح پر بیداری کے لئے آگہی مواد تیار کر رہے ہیں۔ میں ان کی مستقبل کی کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں“۔