اے ایم یو: یوم سرسید پر ڈاکٹر طاہر محمود اور جسٹس اقبال احمد انصاری ہوں گے مہمان

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-10-2022
اے ایم یو: یوم سرسید پر ڈاکٹر طاہر محمود اور جسٹس اقبال احمد انصاری ہوں گے مہمان
اے ایم یو: یوم سرسید پر ڈاکٹر طاہر محمود اور جسٹس اقبال احمد انصاری ہوں گے مہمان

 



 

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں یوم سرسید تقریب میں قومی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین، نامور قانون داں جن کی کتابوں کا سپریم کورٹ اور مختلف ہائی کورٹ بار بار حوالہ دیتے ہیں، اور پروفیسر آف ایمیننس، انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ لیگل اسٹڈیز، ایمٹی یونیورسٹی پروفیسر طاہر محمود بطور مہمان خصوصی اور پنجاب ریاستی حقوق انسانی کمیشن کے سابق چیئرمین و پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس اقبال احمد انصاری بطور مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔

 مہمانِ خصوصی ڈاکٹر طاہر محمود، سابق ممبر، لاء کمیشن آف انڈیا، اور اے ایم یو کے سابق طالب علم، عالمی سطح کے مشہور ماہر قانون ہیں جو اسلامی قانون، ہندو قانون، مذہب و قانون اور اور اقلیتوں سے متعلق قانون میں اختصاص رکھتے ہیں۔

قوانین کی ترقی پسند تشریح پر ڈاکٹر طاہر کی علمی خدمات کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے اور انھیں سپریم کورٹ آف انڈیا اور کئی ریاستی ہائی کورٹوں نے 50 سے زائد فیصلوں میں بطور حوالہ استعمال کیا ہے، ساتھ ہی کئی ہندوستانی اور غیر ملکی یونیورسٹیوں نے اعلیٰ قانونی تعلیم کے کورسیز میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے اسلامی قانون، عرب دنیا کے قانونی نظام اور ہندو قانون پر متعدد کتابیں اور تحقیقی مقالے تصنیف کئے ہیں اور ان کی تدوین کی ہے۔

پروفیسر طاہر نے مشہور کتابیں تصنیف کیں جیسے کہ لاز آف انڈیا آن رلیجن اینڈ رلیجیئس افیئرز (2008)، رلیجن، لاء اینڈ سوسائٹی ایکروز دی گلوب (2013)، پرنسپلس آف ہندو لاء: پرسنل لاء آف ہندوز، بدھسٹس، جینس اینڈ سکھس (2014)، رِمینیسنگ آن لاء برینس: بینچ، بار اینڈ اکیڈمیا (2014)، مائنارٹیز کمیشن 1978-2015: مائنر رول اِن میجر افیئرز (دوئم ایڈیشن 2016) اور مسلم لاء اِن انڈیا اینڈ ایبروڈ (دوئم ایڈیشن 2016)۔ پروفیسر طاہر محمود کی موضوعاتی سوانح عمری: ایمِڈ گاڈس اینڈ لارڈس: لیونگ تھرو لیبرنتھس آف رلیجن اینڈ لاء کا دوسرا ایڈیشن 2015 میں شائع ہوا تھا۔

 انہوں نے دو باوقار رسالوں ”دی اسلامک اینڈ کمپیریٹیو لاء کوارٹرلی“ کا 1981 میں اور دی رلیجن اینڈ لاء ریویو کا 1992 میں اجراء کیا۔ وہ انگریزی اور اردو کے بڑے اخبارات میں باقاعدگی سے لکھتے رہتے ہیں۔

پروفیسر طاہر، بریگھم ینگ یونیورسٹی (امریکہ) کے سینٹر فار لاء اینڈ رلیجن اسٹڈیز کے ایڈوائزری بورڈ کے ممبر، یونیورسٹی آف مِلان (اٹلی) میں انٹرنیشنل کنسورٹیئم آف لاء اینڈ رلیجن اسٹڈیز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ممبر اور جرنل آف مسلم مائنارٹی افیئرز (جدہ - لندن) کے ادارتی بورڈ کے رکن ہیں۔

انہوں نے دہلی یونیورسٹی میں فیکلٹی آف لاء کے ڈین، قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین، قومی حقوق انسانی کمیشن کے ممبر اور رنگناتھ مشرا کمیشن کے جیورسٹ ممبر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔

پروفیسر طاہر محمود کو انٹرنیشنل سینٹر فار لاء اینڈ رلیجن اسٹڈیز کی جانب سے امتیازی خدمات کا ایوارڈ حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ اسلامی قانون کی عصری تفہیم کے لئے ساتویں شاہ ولی اللہ ایوارڈ (انڈیا 2009) اور ممتاز تعلیمی خدمات ایوارڈ (امریکہ، 2010) سے بھی نوازا گیا۔

ایسے متعدد اعزازات کے علاوہ، پروفیسر طاہر محمود نے دنیا بھر میں بے شمار بین الاقوامی کانفرنسوں اور سیمیناروں کا افتتاح کیا، ان میں شرکت اور ان کی صدارت کی ہے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں جیسے کہ ہارورڈ، کیمبرج، لندن، آئیووا وغیرہ میں خطبات دئے ہیں۔

 مہمان اعزازی جسٹس اقبال احمد انصاری یکم اگست 2017 سے 31 جولائی 2022 تک پنجاب اسٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین رہے ہیں۔ انہوں نے درنگ کالج، تیز پور سے بی ایس سی اور تیز پور لاء کالج سے قانون میں گریجویشن کیا۔

انہیں 4 مارچ 2004 کو گوہاٹی ہائی کورٹ میں ترقی دی گئی اور اروناچل پردیش اور ناگالینڈ میں ریاستی قانونی خدمات اتھارٹی کے ایگزیکیٹو چیئرمین کے طور پر بھی انھوں نے خدمات انجام دیں۔ جولائی 2016 میں جسٹس اقبال پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔

یوم سرسید تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے اور سرسید ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازیں گے۔ اس موقع پر آل انڈیا سرسید مضمون نویسی مقابلے کے فاتحین کو انعامات سے نوازا جائے گا۔