اے ایم یو گزٹ :خصوصی صد سالہ شمارہ کا اجراء

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2021
  خصوصی صد سالہ شمارہ کا اجراء
خصوصی صد سالہ شمارہ کا اجراء

 

 

علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی گزٹ کے خصوصی صد سالہ شمارہ کا وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے جمعہ کو اجراء کیا۔یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کی یادگار کے طور پر اے ایم یو گزٹ کا خصوصی شمارہ سرسید اکیڈمی نے شائع کیا ہے۔

اس موقع پر پروفیسر طارق منصور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ”اے ایم یو گزٹ کے صد سالہ شمارے میں صد سالہ تقریبات کے حصے کے طور پر منعقدہ ممتاز شخصیات کے مختلف پروگراموں اور لیکچروں کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ شمارہ مستقبل کے لئے ایک ریکارڈ کے طور پر کام کرے گا اور حوالہ جات کے لئے کارآمد ہوگا۔ صد سالہ گزٹ کی اشاعت کے لئے ادارتی کمیٹی نے اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی ادا کیا جس کی میں ستائش کرتا ہوں“۔

رجسٹرار، مسٹر عبدالحمید، آئی پی ایس نے بھی صد سالہ گزٹ کو ایک اہم دستاویز قرار دیتے ہوئے ادارتی کمیٹی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اے ایم یو گزٹ کے خصوصی صد سالہ شمارے میں ان شخصیات کے لیکچرز اور تقریریں شامل ہیں جن کا اہتمام سرسید میموریل لیکچر سیریز کے ایک حصے کے طور پر کی گیا۔ اس میں یونیورسٹی کی اہم عمارتوں اور دیگر یادگاروں کی جھلکیاں بھی ہیں۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی گزٹ کے خصوصی صد سالہ شمارے کی ادارتی کمیٹی میں پروفیسر علی محمد نقوی (ڈائریکٹر، سر سید اکیڈمی)، پروفیسر شافع قدوائی، مسٹر محمد ناصر، مسٹر محمد فیصل فرید اور سمرین احمد شامل تھے۔ یہ خصوصی شمارہ جلد ہی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ گزٹ کا اجراء بانی درسگاہ سرسید احمد خاں نے 1866ء میں کیا تھا جس میں ادارے سے متعلق اہم دستاویزات شائع ہوئے۔