علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ کے لیے آل انڈیا مضمون نویسی مقابلہ 2026 کا اعلان کیا ہے۔ مقابلہ انگریزی اردو اور ہندی زبانوں میں منعقد ہوگا۔ بارہویں جماعت تک کے طلبہ اس مقابلے میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
مقابلے کے لیے اس سال موضوع ’’اکیسویں صدی میں ٹیکنالوجی اور اخلاقیات۔ سر سید کا نقطۂ نظر‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔ طلبہ اپنی پسند کے مطابق انگریزی اردو یا ہندی زبان میں مضمون تحریر کر سکتے ہیں۔ہر زبان میں 3 نقد انعامات دیے جائیں گے۔ اول انعام 25 ہزار روپے۔ دوم انعام 15 ہزار روپے اور سوم انعام 10 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ برسوں کے انعام یافتہ طلبہ کے مضامین کو اس مقابلے میں کسی بھی انعام کے لیے شامل نہیں کیا جائے گا۔
یونیورسٹی کے مطابق مضمون تقریباً 3000 الفاظ پر مشتمل ہونا چاہیے اور اسے A4 سائز کے کاغذ پر ڈبل اسپیس میں ٹائپ کیا جانا چاہیے۔ مضمون مکمل طور پر اصل ہونا چاہیے اور پہلے کسی کتاب رسالے اخبار یا آن لائن پلیٹ فارم پر شائع نہ ہوا ہو۔ نقل یا سرقہ ثابت ہونے کی صورت میں مضمون مسترد کر دیا جائے گا۔مضمون صرف آن لائن ای میل کے ذریعے متعلقہ کالج یا یونیورسٹی کے سربراہ کی جانب سے تصدیق شدہ بونافائیڈ سرٹیفکیٹ کے ساتھ بھیجا جائے گا۔ ہاتھ سے لکھے گئے مضامین مقابلے کے لیے قبول نہیں کیے جائیں گے۔ مضمون کے ساتھ پاسپورٹ سائز تصویر بھی بھیجنا ضروری ہے جبکہ مضمون پر امیدوار کا نام یا کوئی شناختی نشان درج نہیں ہونا چاہیے۔
مقابلے میں انعام کے لیے اہل قرار پانے والے مضامین کے لیے کم از کم 50 نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ منتخب امیدواروں کو نتیجے کے اعلان کے بعد بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی تاکہ انعامی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جا سکے۔
مضمون کی سافٹ کاپی 30 ستمبر 2026 تک [email protected] پر بھیجنی ہوگی۔ ای میل کے سبجیکٹ میں Essay Writing Competition-2026 اور متعلقہ زبان کا نام درج کرنا ہوگا۔
یونیورسٹی کے مطابق انعامات کا اعلان 17 اکتوبر 2026 کو کیا جائے گا۔ علی گڑھ سے باہر کے اول دوم اور سوم انعام حاصل کرنے والے طلبہ کو یونیورسٹی میں قیام اور کھانے کی سہولت کے ساتھ اپنے والدین یا بہن بھائی میں سے کسی ایک کے ساتھ آنے اور واپسی کے لیے AC-III درجے کا ریل کرایہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ انعامات کے حوالے سے اس کا فیصلہ حتمی ہوگا اور نتیجے کے سلسلے میں کسی اعتراض پر غور نہیں کیا جائے گا۔ تمام تنازعات علی گڑھ عدالت کے دائرۂ اختیار میں ہوں گے۔ مزید معلومات کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔