یوم آزادی :لال قلعہ سے پہلی بار وندے ماترم کی گونج

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-08-2026
وندے ماترم کے 150 سال: ایک دھن جو تحریک بن گئی
وندے ماترم کے 150 سال: ایک دھن جو تحریک بن گئی

 



نئی دہلی : آواز دی وائس

یہ یوم  آزادی کچھ خاص  ہے،کیونکہ اس  بار 15 اگست 2026 کو ہندوستان کی 80ویں یوم آزادی کی تقریب میں ایک اہم تاریخی لمحہ دیکھنے کو ملے گا۔ وندے ماترم پہلی بار لال قلعے کی فصیل سے باقاعدہ طور پر گایا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی لال قلعے پر پہنچنے کے بعد وندے ماترم کی پیشکش کے موقع پر قومی پرچم لہرائیں گے اور اس کے بعد قوم سے خطاب کریں گے۔یہ موقع اس لیے بھی اہم ہے کہ 2026 میں وندے ماترم کی تخلیق کے 150 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ بنکم چندر چٹاپادھیائے کا تخلیق کردہ یہ قومی گیت ہندوستان کی آزادی کی تحریک اور قومی شناخت سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔

وندے ماترم کی 150 سالہ یادگاری تقریبات کا آغاز 7 نومبر 2025 کو کیا گیا تھا اور یہ سلسلہ 7 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔اس سال یوم آزادی کی تقریبات میں یوا شکتی یعنی نوجوانوں کی طاقت کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ تقریباً 2500 این سی سی کیڈٹس اور مائی بھارت کے رضاکار لال قلعے کے سامنے گیان پتھ پر وندے ماترم کی شکل بنائیں گے۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کی شرکت اور قومی تعمیر میں ان کے کردار کو نمایاں کیا جائے گا۔تقریب کے دوران ہندوستانی فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک خصوصی بینر لے کر پرواز کرے گا۔ ہیلی کاپٹر اجتماع پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کرے گا۔وندے ماترم کی 150 سالہ میراث کو ملک بھر میں بھی نمایاں کیا جائے گا۔ 8 اگست سے 15 اگست 2026 تک فوج اور مختلف سکیورٹی فورسز کے بینڈ 343 اہم مقامات پر وندے ماترم سے متعلق خصوصی موسیقی پروگرام پیش کریں گے۔اس طرح 15 اگست 2026 کی یوم آزادی تقریب وندے ماترم کے 150 سالہ سفر کو ایک نئے انداز میں سامنے لائے گی۔ ایک ادبی تخلیق سے آزادی کی تحریک کی آواز بننے والے وندے ماترم کو پہلی بار لال قلعے کی مرکزی یوم آزادی تقریب میں خصوصی مقام حاصل ہوگا۔

کہانی وندے ماترم کی 

حکومت ہند کی جانب سے 7 نومبر 2025 کو ’’وندے ماترم‘‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک گیر تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ اس ایک سالہ جشن کا مقصد اس تاریخی نغمے کے ورثے کو یاد کرنا اور قومی اتحاد مزاحمت قربانی اور حب الوطنی کے ان جذبات کو اجاگر کرنا ہے جن کی نمائندگی ’’وندے ماترم‘‘ نے ہندوستان کی آزادی کی تحریک کے دوران کی۔

ایک نغمے کی تخلیق سے قومی علامت تک

’’وندے ماترم‘‘ کی تخلیق بنکم چندر چٹرجی نے 1875 میں کی تھی۔ بعد میں اسے ان کے مشہور بنگالی ناول ’’آنند مٹھ‘‘ میں شامل کیا گیا جو 1882 میں شائع ہوا۔ ناول کی کتابی اشاعت سے پہلے ’’آنند مٹھ‘‘ بنکم چندر چٹرجی کے قائم کردہ بنگالی رسالے ’’بنگ درشن‘‘ میں قسط وار شائع ہوتا رہا۔ ’’وندے ماترم‘‘ ناول کی ابتدائی اقساط ہی میں قارئین کے سامنے آیا۔یہ نغمہ ابتدا ہی سے محض ادبی تخلیق نہیں رہا۔ اس میں مادر وطن کو ایک ماں کی صورت میں پیش کیا گیا جس نے اسے حب الوطنی کے ایک گہرے جذبے اور روحانی وابستگی کی علامت بنا دیا۔ ’’آنند مٹھ‘‘ میں سنیاسیوں کا ایک گروہ اپنی زندگی مادر وطن کے لیے وقف کرتا ہے اور ’’وندے ماترم‘‘ اسی جذبے کی ترجمانی کرتا ہے۔

بنکم چندر چٹرجی: ایک ادیب جس نے قوم پرستی کو نئی زبان دی

بنکم چندر چٹرجی 19ویں صدی کے بنگال کی ممتاز ادبی اور فکری شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ناول نگار شاعر اور مضمون نگار کی حیثیت سے انہوں نے جدید بنگالی نثر کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ ’’درگیش نندنی‘‘ ’’کپل کنڈلا‘‘ ’’آنند مٹھ‘‘ اور ’’دیوی چودھرانی‘‘ ان کی معروف تصانیف میں شامل ہیں۔ان کی تحریروں میں اس دور کے سماجی ثقافتی اور اخلاقی مسائل کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے قومی شعور کی جھلک بھی نمایاں تھی۔ ’’وندے ماترم‘‘ میں انہوں نے ہندوستان کو مادر وطن کے روپ میں پیش کیا اور اس تصور کو ایک ایسی شعری زبان عطا کی جس نے آنے والی نسلوں کے قومی احساس کو متاثر کیا۔

رابندر ناتھ ٹیگور اور وندے ماترم

’’وندے ماترم‘‘ کو قومی سطح پر شہرت دلانے میں رابندر ناتھ ٹیگور کا بھی اہم کردار رہا۔ انہوں نے 1896 میں کلکتہ میں منعقدہ کانگریس کے اجلاس میں یہ نغمہ گایا۔ بعد میں 1906 کے کلکتہ اجلاس میں بھی انہوں نے ’’وندے ماترم‘‘ پیش کیا۔یہی وہ دور تھا جب بنگال کی تقسیم کے خلاف تحریک اور سودیشی تحریک زور پکڑ رہی تھی۔ ’’وندے ماترم‘‘ تیزی سے ایک ایسے نغمے اور نعرے میں تبدیل ہوگیا جو نوآبادیاتی اقتدار کے خلاف عوامی مزاحمت کی علامت بن گیا۔

7 اگست 1905: جب وندے ماترم مزاحمت کی آواز بنا

7 اگست 1905 کو کلکتہ کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ تاریخی اجلاس کے دوران ہزاروں طلبہ اور عوام نے ’’وندے ماترم‘‘ کے نعرے بلند کیے۔ اس اجلاس میں غیر ملکی مصنوعات کے بائیکاٹ اور سودیشی اشیا کے استعمال کے عہد سے متعلق اہم قرارداد منظور کی گئی۔ یہ واقعہ بنگال کی تقسیم کے خلاف تحریک میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔اس کے بعد ’’وندے ماترم‘‘ بنگال کی گلیوں سے نکل کر ملک کے مختلف حصوں تک پہنچ گیا۔ اس کی گونج بمبئی سے پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں تک سنائی دینے لگی۔ یہ نغمہ قومی بیداری اور نوآبادیاتی اقتدار کے خلاف مزاحمت کی ایک طاقتور علامت بن چکا تھا۔

برطانوی حکومت کی پابندیاں اور عوامی مزاحمت

’’وندے ماترم‘‘ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے برطانوی حکومت بھی پریشان ہوئی۔ نو تشکیل شدہ مشرقی بنگال کے حکام نے اسکولوں اور کالجوں میں اس نغمے کے گانے پر پابندیاں عائد کیں۔ طلبہ کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں مختلف پابندیوں کی دھمکیاں دی گئیں۔نومبر 1905 میں رنگ پور کے ایک اسکول کے تقریباً 200 طلبہ پر ’’وندے ماترم‘‘ کا نعرہ لگانے کے الزام میں جرمانہ عائد کیا گیا۔ اپریل 1906 میں باریسال میں بنگال صوبائی کانفرنس کے دوران بھی برطانوی حکام نے عوامی طور پر ’’وندے ماترم‘‘ کے نعرے پر پابندی عائد کردی۔ لیکن مندوبین نے حکم کی مخالفت کرتے ہوئے نعرے بلند کیے اور پولیس کے جبر کا سامنا کیا۔مئی 1907 میں لاہور میں نوجوان مظاہرین نے بھی نوآبادیاتی احکامات کی مخالفت کرتے ہوئے ’’وندے ماترم‘‘ کے نعرے لگائے۔ 1908 میں بیلگام میں لوکمانیہ تلک کی منڈالے جلاوطنی کے موقع پر بھی پولیس نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جو پابندی کے باوجود ’’وندے ماترم‘‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔

مزدوروں اور طلبہ کی آواز بھی بنا

27 فروری 1908 کو تمل ناڈو کے توتیکورین میں کورل ملز کے تقریباً ایک ہزار کارکنوں نے سودیشی تحریک اور حکام کے جابرانہ اقدامات کے خلاف ہڑتال کی۔ احتجاج کے دوران کارکن سڑکوں پر مارچ کرتے ہوئے ’’وندے ماترم‘‘ کے نعرے بلند کرتے رہے۔جون 1908 میں لوکمانیہ تلک کے مقدمے کے دوران بمبئی میں پولیس عدالت کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور ’’وندے ماترم‘‘ گاتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ تلک کی رہائی کے بعد 20 جون 1914 کو پونے میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں عوام نے طویل عرصے تک ’’وندے ماترم‘‘ کے نعرے بلند کیے۔یوں یہ نغمہ صرف سیاسی جلسوں تک محدود نہیں رہا بلکہ طلبہ مزدوروں تاجروں اور عام شہریوں کی مزاحمت کی آواز بن گیا۔

ہندوستان سے باہر بھی گونجی وندے ماترم کی آواز

آزادی کی تحریک کے دوران بیرون ملک موجود ہندوستانی انقلابیوں اور قوم پرستوں میں بھی ’’وندے ماترم‘‘ خاصی مقبول رہا۔1907 میں میڈم بھیکاجی کاما نے اسٹٹ گارٹ میں ہندوستان سے باہر پہلی مرتبہ ہندوستانی پرچم لہرایا۔ اس پر ’’وندے ماترم‘‘ کے الفاظ درج تھے۔ جولائی 1909 میں مدن لال ڈھینگرا نے لندن میں پھانسی دیے جانے سے قبل بھی ’’وندے ماترم‘‘ کے الفاظ ادا کیے۔ اسی دور میں پیرس سے ’’وندے ماترم‘‘ نامی رسالے کی اشاعت بھی شروع ہوئی۔1912 میں گوپال کرشنا گوکھلے کے جنوبی افریقہ کے کیپ ٹاؤن پہنچنے پر ان کا استقبال ایک عظیم الشان جلوس سے کیا گیا جس میں ’’وندے ماترم‘‘ کے نعرے بلند کیے گئے۔

قومی گیت کی حیثیت

آزادی کے بعد ’’جن گن من‘‘ اور ’’وندے ماترم‘‘ دونوں کو قومی اہمیت حاصل ہوئی۔ 24 جنوری 1950 کو آئین ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راجندر پرساد نے اعلان کیا کہ ’’جن گن من‘‘ ہندوستان کا قومی ترانہ ہوگا جبکہ ’’وندے ماترم‘‘ کو آزادی کی جدوجہد میں اس کے تاریخی کردار کے باعث قومی ترانے کے برابر احترام اور حیثیت دی جائے گی۔یوں رابندر ناتھ ٹیگور کا ’’جن گن من‘‘ قومی ترانہ اور بنکم چندر چٹرجی کا ’’وندے ماترم‘‘ قومی گیت قرار پایا۔ دونوں نے ہندوستان کی قومی تاریخ اور آزادی کی جدوجہد میں اپنی اپنی منفرد جگہ بنائی۔

150 سال بعد بھی زندہ ہے وندے ماترم کی روح

’’وندے ماترم‘‘ کے 150 سال مکمل ہونا محض ایک تاریخی سنگ میل نہیں بلکہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک کے ان صفحات کو دوبارہ یاد کرنے کا موقع ہے جن میں اتحاد مزاحمت قربانی اور مادر وطن سے وابستگی کا جذبہ نمایاں تھا۔اس موقع پر ملک بھر میں مختلف ثقافتی تعلیمی اور عوامی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ سیمینار نمائشیں موسیقی کی پیشکشیں اور اجتماعی گائیکی کے پروگراموں کے ذریعے ’’وندے ماترم‘‘ کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو نئی نسل تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

چار مرحلوں میں ہوگا 150 سالہ جشن

حکومت ہند نے ’’وندے ماترم‘‘ کے 150 سال مکمل ہونے کی تقریبات کو مختلف مراحل میں منانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ 7 نومبر 2025 کو دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں قومی سطح کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف سطحوں پر عوامی شرکت کے ساتھ پروگرام منعقد کیے جانے کا منصوبہ ہے۔قومی تقریب کے دوران یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کیاگیا۔وندے ماترم‘‘ کی تاریخ پرنمائش اور مختصر فلم بھی پیش کی گئی۔ معروف گلوکاروں نے مختلف انداز میں یہ نغمہ پیش کیا جبکہ تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز کو مہم کے لیے تیار کی گئی ویب سائٹ پر محفوظ کیا جا رہا ہے۔

سال بھر جاری رہنے والی سرگرمیاں

اس ایک سالہ جشن کے دوران آل انڈیا ریڈیو دوردرشن اور ایف ایم ریڈیو پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ پریس انفارمیشن بیورو کی جانب سے دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں ’’وندے ماترم‘‘ کی تاریخ اور اہمیت پر مباحثے اور مکالمے منعقد کیے جائیں گے۔دنیا بھر میں ہندوستانی سفارتی مشنز اور سرکاری دفاتر میں بھی ’’وندے ماترم‘‘ کی روح کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی شاموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ عالمی سطح پر موسیقی کا میلہ منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ ’’وندے ماترم: دھرتی ماں کو سلام‘‘ کے عنوان سے شجر کاری مہم بھی چلائی جائے گی۔ملک کے مختلف شاہراہوں پر حب الوطنی کے موضوع پر دیواروں پر مصوری کی جائے گی۔ ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر برقی اسکرینوں کے ذریعے ’’وندے ماترم‘‘ کی تاریخ اور اہمیت سے متعلق معلومات پیش کی جائیں گی۔ آڈیو پیغامات اور خصوصی اعلانات کے ذریعے بھی اس نغمے کی تاریخی میراث کو عوام تک پہنچایا جائے گا۔

 

ایک دھن جو تحریک بن گئی

ڈیڑھ صدی کے سفر میں ’’وندے ماترم‘‘ نے کئی ادوار دیکھے۔ ایک ادبی تخلیق سے شروع ہونے والا یہ نغمہ آزادی کی تحریک کی آواز بنا۔ اس نے جلسوں جلوسوں طلبہ کی تحریکوں مزدوروں کے احتجاج اور انقلابی سرگرمیوں میں لوگوں کو ایک مشترکہ جذبے سے جوڑا۔اس کی تاریخ ہندوستان کی آزادی کی تاریخ سے گہری طرح جڑی ہوئی ہے۔ اسی لیے 150 سال مکمل ہونے کا یہ موقع صرف ایک نغمے کی سالگرہ نہیں بلکہ اس اجتماعی شعور کی یاد دہانی بھی ہے جس نے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد کو طاقت دی۔’’وندے ماترم‘‘ آج بھی ہندوستان کی قومی زندگی میں ایک اہم مقام رکھتا ہے اور اس کے 150 سالہ سفر کی داستان اس بات کی گواہ ہے کہ بعض نغمے صرف گائے نہیں جاتے بلکہ وقت کے ساتھ تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں۔